Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین کوسٹ گارڈ کا پاکستانی کشتی سے 86 کلو منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ، 14 افراد گرفتار

کوسٹ گارڈ کے مطابق ’قبضے میں لی گئی پاکستانی کشتی کو اس کے عملے سمیت مزید تفتیش کے لیے پوربندر لایا جا رہا ہے۔‘ (فوٹو: انڈین کوسٹ گارڈ)
انڈین کوسٹ گارڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایک مشکوک پاکستانی کشتی کو روکا جس میں 600 کروڑ انڈین روپے کی تقریباً 86 کلو منشیات موجود تھیں۔
انڈین نیوز چینل ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق انٹیلی جنس کی بنیاد پر کوسٹ گارڈ نے انسداد دہشت گردی سکواڈ (اے ٹی ایس) اور نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے ساتھ مل کر خطے میں کام کرنے والے منشیات کی سمگلنگ سنڈیکیٹ کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا۔
منشیات کے ساتھ پاکستانی جہاز کے عملے کے 14 ارکان کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
کوسٹ گارڈ نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ ’رات بھر جاری رہنے والی کارروائی میں انڈین کوسٹ گارڈ نے سمندر میں انٹیلی جنس پر مبنی اینٹی نارکوٹکس آپریشن کیا۔ پاکستانی کشتی سے عملے کے 14 ارکان کے ساتھ 600 انڈین کروڑ روپے مالیت کی تقریباً 86 کلو گرام منشیات پکڑی گئیں۔‘
’ایجنسی نے آپریشن کی کارکردگی کو یقینی بنانے کے لیے بحری جہازوں اور ہوائی جہازوں کو ایک ساتھ مشن پر تعینات کیا۔ آپریشن میں شامل کلیدی جہازوں میں سے ایک کوسٹ گارڈ جہاز راجرتن تھا جس میں این سی بی اور اے ٹی ایس دونوں کے اہلکار سوار تھے۔‘
مزید کہا گیا کہ ’جہاز نے کامیابی سے کشتی کی نشاندہی کی اور اسے روک لیا۔ جہاز کی ایک خصوصی ٹیم نے مکمل تلاشی لی اور جہاز میں منشیات کی موجودگی کی تصدیق کی۔‘
’قبضے میں لی گئی پاکستانی کشتی کو اس کے عملے سمیت مزید تفتیش کے لیے پوربندر لایا جا رہا ہے۔‘

شیئر: