Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سینٹورس مال کے دفاتر پر قبضے کی کوشش کا الزام، سردار تنویر الیاس کے خلاف مقدمہ درج

ایف آئی آر کے مطابق سردار تنویر الیاس تالا توڑ کر سینٹورس مال کے دفتر میں داخل ہوئے۔ فوٹو: تنویر الیاس میڈیا سیل
 پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کے خلاف سینٹورس مال کے مرکزی دفاتر اور اہم دستاویزات پر قبضے کی کوشش کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
 سینٹورس مال کے سکیورٹی انچارج کرنل (ر) ٹیپو سلطان کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا جس میں سردار تنویر الیاس، محمد علی، انیل سلطان، رضوان اور دیگر نامعلوم ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ سردار تنویر الیاس 20 سے 25 افراد پر مشتمل مسلح جتھے کے ہمراہ سینٹورس مال کے دفتر میں تالا توڑ کر داخل ہوئے اور اہم دستاویزات پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔
’ملزمان نے دفتر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جسے سکیورٹی گارڈز نے ناکام بنا دیا۔‘
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ سردار تنویر الیاس نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ سردار یاسر الیاس خان اور سردار ڈاکٹر راشد الیاس خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی اور دفتر کی سکیورٹی پر معمور اہلکار پر تشدد کیا۔
ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ ’حملے کی اطلاع پا کر جب ہم اس جگہ پہنچے تو سردار تنویر الیاس نے کرنل(ر) ٹیپو سلطان پر فائر کر دیا جو مِس ہو گیا۔ ملزمان پہلے بھی ایسی کارروائی کر چکے ہیں۔‘

شیئر: