ٹانک میں فورسز کا آپریشن، ’جج کے اغوا میں ملوث چار دہشت گرد‘ ہلاک
آئی ایس پی آر کے مطابق ’ہلاک افراد سیشن جج کے اغوا میں ملوث تھے۔‘ (فائل فوٹو: آئی ایس پی آر)
پاکستان کی فوج نے خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں آپریشن کر کے تین عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے جمعرات کو جاری کردہ بیان کے مطابق ‘دہشت گردوں کے خلاف آپریشن خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیا گیا۔‘
بیان کے مطابق ’ہلاک ہونے والے والے عسکریت پسندوں کی شناخت عظمت، حنظلہ اور ریحان کے ناموں سے ہوئی ہے۔‘
’یہ افراد کئی دہشت گردانہ حملوں میں ملوث رہے ہیں اور حال ہی میں انہوں نے ضلع شمالی وزیرستان کے ڈسڑکٹ اینڈ سیشن جج کو بھی اغواء کیا تھا۔‘
سنیچر کو سیشن جج شاکر اللہ مروت کو نامعلوم افراد نے ڈیرہ روڈ بھگوال کے قریب اغوا کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا۔
اس کے بعد پولیس حکام نے بتایا کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب کلاچی کے علاقے میں سرچ آپریشن کر کے مغوی جج کو بازیاب کر لیا گیا ہے۔
سیشن جج کے اغوا کے بعد ان کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی تھی جس میں وہ اپنی بازیابی کی کوشش کی اپیل کرتے دکھائی دے رہے تھے۔