Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کسی ادارے کے کام میں رکاوٹ نہیں ڈالی،اسحاق ڈار

اسلام آباد...وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہاہے کہ اللہ کو حاضر ناظر جان کر کہتا ہوں جے آئی ٹی کارروائی کے حوالے سے کسی ادارے کے کام میں رکاوٹ نہیں ڈالی اور نہ آئندہ ڈالونگا۔ حکومت نے کسی ادارے کو روکا ہے اور نہ روکیں گے ۔قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی اولین ترجیح ہونی چاہیے ۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں بیان دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے اپوزیشن جماعتوں کو پھر دعوت دی کہ وہ قومی اقتصادی ایجنڈے پر رمضان کے بعد ایوان میں مل بیٹھیں اور اتفاق رائے پیدا کریں۔ یہ اللہ تعالیٰ بہتر جانتا ہے کہ 2018ءسے 2023ءتک کون اقتدار میں آئے گا۔ 2018ءسے 2023ءتک کا اقتصادی ایجنڈا پیش کیا ہے۔ ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر آگے بڑھنا ہوگا۔ کوئی عقل کل نہیں ۔ پاکستان کا مستقبل روشن ہے ،صرف کمی اس بات کی ہے کہ ہمیں ذاتی ایجنڈے سے بالاتر ہوکر آگے بڑھنا ہوگا۔ ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ایک معزز رکن نے یہ تاثر دیا ہے کہ جیسا اداروںکا راستہ روکا جارہا ہے۔ میری ان سے استدعا ہے کہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت کسی مقدمہ پر یہاں عدالت نہ لگائی جائے اور فیصلے نہ سنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کی کارروائی کا احترام کرتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم نے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جے آئی ٹی میں پیشی کے موقع پر وہاں نہ آئیں۔
 

 

شیئر: