Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوگنڈا کا ٹی20 ورلڈ کپ سکواڈ: پاکستانی نژاد ریاضت علی شاہ نائب کپتان

ریاضت علی شاہ نے 2019 میں بوٹسوانا کے خلاف کمپالا میں کھیلے گئے میچ سے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا (فوٹو: یوگنڈا کرکٹ ایسوسی ایشن)
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے یوگنڈا نے اپنے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ میں یوگنڈا کی قیادت برائن مسابا کریں گے جبکہ پاکستانی نژاد کھلاڑی ریاضت علی شاہ کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح یوگنڈا کی ٹیم میں فرینک این سُبُوگا جیسے سینیئر کھلاڑی بھی شامل ہیں جو ایونٹ میں شریک معمر ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔
 ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے یوگنڈا کے سکواڈ میں برائن مسابا (کپتان)، ریاضت علی شاہ (نائب کپتان)، کینیتھ ویسوا، دنیش نکرانی، فرینک این سُبُوگا، رونق پٹیل، روجر مُکاسا، کوسمس کیوُٹا، بلال حسن، فریڈ اچیلم، روبنسن اُوبویا، سائمن سیسازی، ہینری سینیوندو، الپیش رام جانی اور جُما میا جی شامل ہیں۔
یوگنڈا کی ٹیم پہلی مرتبہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں حصہ لے رہی ہے۔
یوگنڈا نے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ افریقہ ریجن کوالیفائر ٹورنامنٹ میں زمبابوے کو شکست دیتے ہوئے میگا ایونٹ میں جگہ بنائی تھی۔
اس ٹیم کے نائب کپتان ریاضت علی شاہ 20 فروری 1998 کو گلگت میں پیدا ہوئے جس کے بعد انہوں نے گلگت اور اسلام آباد کے لیے انڈر 19 سطح پر کرکٹ کھیلی۔
ریاضت علی شاہ 16 سال کی عمر میں یوگنڈا چلے گئے جہاں انہوں نے کمپالا میں عزیز دامانی سپورٹس کلب کے لیے کھیلنا شروع کیا۔
اپریل 2018 میں انہیں ملائیشیا میں آئی سی سی ورلڈ کرکٹ لیگ ڈویژن فور ٹورنامنٹ کے لیے یوگنڈا کے سکواڈ میں شامل کیا گیا۔
 

یوگنڈا نے افریقہ ریجن کوالیفائر ٹورنامنٹ میں زمبابوے کو تاریخی اپ سیٹ شکست دیتے ہوئے میگا ایونٹ میں جگہ بنائی تھی (فوٹو: یوگنڈا کرکٹ ایسوسی ایشن)

ریاضت علی شاہ نے 2019 میں بوٹسوانا کے خلاف کمپالا میں کھیلے گئے میچ سے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا۔
وہ یوگنڈا کی ٹیم کے لیے اب تک 57 میچز کھیل چکے ہیں جن میں انہوں نے 34 کی اوسط سے 1212 رنز بنائے ہیں۔
ٹی20 ورلڈ کپ کے افریقہ کوالیفائر مرحلے میں زمبابوے کے خلاف تاریخی جیت میں ریاضت علی شاہ نے آل راؤنڈ کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلے ایک وکٹ لی اور پھر 28 گیندوں پر 42 رنز بنائے اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
خیال رہے کہ یوگنڈا ٹی20 ورلڈ کپ میں اپنے سفر کا آغاز 3 جون سے افغانستان کے خلاف گیانا میں میچ سے کرے گا۔

شیئر: