Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور ایئرپورٹ پر آتشزدگی سے 19 پروازیں منسوخ، وزیر داخلہ کا نوٹس

ریسکیو حکام کے مطابق آگ تقریبا صبح پانچ بج کر 15 منٹ پر لگی اور سموک الارم نہیں بجا (فوٹو: سول ایوی ایشن)
لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جمعرات کی صبح لگنے والی آگ تو بجھا لی گئی تاہم امیگریشن کاؤنٹر بری طرح متاثر ہونے کی وجہ سے فلائٹس آپریشنز مکمل طور بحال نہیں ہو سکے۔
ایئر پورٹ حکام کے مطابق حجاج کے لیے بنائے گئے خصوصی امیگریشن کاؤنٹرز کے اوپر سیلنگ میں بظاہر شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی۔ 
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ صبح پانچ بجے کے قریب امیگریشن کاؤنٹر پر آگ لگی تھی جس سے ایئر پورٹ کا مرکزی حال دھوئیں سے بھر گیا تھا۔ ایئر پورٹ کا اندرونی حصہ لوگوں سے خالی کروا لیا گیا تھا۔
کئی گھنٹے تک لاہور ایئر پورٹ پر نہ تو پروازوں کو لینڈ کرنے کی اجازت ملی اور نہ ہی کوئی پرواز روانہ ہو سکی۔ البتہ حج فلائٹس کے لیے جانے والے افراد کی امیگریشن ڈومیسٹک کاؤنٹر سے عارضی طور پر کروائی گئی۔ 
حجاج کرام کے علاوہ بیرون ملک جانے والی تمام فلائٹس کو منسوخ کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ لاہور سے حج آپریشن کا آغاز جمعرات کی صبح ہی ہونا تھا۔
جن فلائٹس کو منسوخ کیا گیا ان میں لاہور سے دمام جانے والی پی آئی اے کی پی کے 243، لاہور سے قطر جانے والی قطر ایئر ویز کی فلائٹ کیو آر 629، ایمریٹس ائیرلائنز کی دبئی جانے والی پرواز ای کے8621 ، پی آئی اے کی مسقط جانے والے فلائٹ پی کے 229، دبئی جانے والی پی کے 179، فلائی جناح کی شارجہ جانے والی پرواز جے  پی 500اور دبئی جانے والی ایئر بلیو کی پی اے 410  شامل ہیں۔ 
عارضی بندوبست سے صرف حج آپریشنز کو بحال کیا گیا جس میں پی آئی اے کی پی کے 717 جو آٹھ بجے روانہ ہونا تھی وہ ساڑھے دس بجے روانہ ہوئی۔
اسی طرح ایئر سیال کی ایک پرواز لاہور سے مدینہ کے لیے تاخیر سے روانہ ہوئی۔ 

حج پروازوں کے لیے بنائے کاؤنٹرز کی سیلنگ میں شارک سرکٹ سے آگ لگی۔ فوٹو: سکرین گریب

پہلی حج پرواز سے 329 عازمین روانہ ہوئے۔ عازمین حج کو پی آئی اے کے چیف پروجیکٹ آفیسر خرم مشتاق نے رخصت کیا۔ آگ لگنے سے پہلے لاہور ایئر پورٹ پر عازمین حج کو رخصت کرنے کے لیے ایک پروقار تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ 
یاد رہے کہ پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 8 جون تک جاری رہے گا جبکہ بعد از حج آپریشن کا آغاز 17 جون سے ہو گا۔
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لاہور ایئر پورٹ پر آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے اور بلا تاخیر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
وزیر داخلہ نے بیان میں کہا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے امیگریشن کاؤنٹر کو جلد فنکشنل کیا جائے گا۔

شیئر: