Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور میں آتشزدگی سے بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 10 افراد ہلاک

ریسکیو کی ٹیمیں پہنچی تو آگ پوری طرح گھر کو اپنی لپیٹ میں لے چکی تھی: فوٹو (ریسکیو 1122)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پولیس کے مطابق آتشزدگی کے ایک واقعہ میں بچوں سمیت دس افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ آگ لگنے کا یہ واقعہ اندرون بھاٹی میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات پیش آیا۔
پولیس کے مطابق آتشزدگی کے باعث لگنے والی خوفناک آگ میں ہلاک ہونے والوں میں چھ کمسن بچوں سمیت چار خواتین شامل ہیں۔
ریسکیو 1122 ترجمان کے مطابق منگل کی رات گئے گھر میں لگنے والی آگ کے بارے میں محلے داروں کی کال پر آگ بجھانے کا آپریشن شروع کیا گیا۔
ریسکیو 1122 کے ضلعی کمانڈر آپریشن شاہد وحید کمر نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’اندرون بھاٹی گیٹ کے محلہ سمیاں میں رات کے تقریباً اڑھائی بجے ڈیڑھ مرلہ گھر کی تیسری منزل پر اچانک آگ لگی۔ جہاں ایک کمرے میں اے سی لگا ہوا تھا اور گھر کے سبھی افراد اسی ایک کمرے میں سوئے ہوئے تھے۔‘
جب ریسکیو کی ٹیمیں پہنچی تو آگ پوری طرح گھر کو اپنی لپیٹ میں لے چکی تھی۔
شاہد وحید کے مطابق ’چھت کی طرف جانے والی سیڑھیوں کا دروازہ بند تھا اور اس کے سامنے سامان پڑا ہوا تھا۔ جس کی وجہ سے ہمسائیوں کے گھر سے کود کر ریسکیو کا آپریشن شروع کرنا پڑا۔ ہمارے 60 ریسکیورز نے اس ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔ تاہم کسی بھی فرد کو بچایا نہیں جا سکا۔ زیادہ تر افراد کی دم گھٹنے نے موت واقع ہوئی۔‘
ڈی آئی جی آپریشن لاہور علی رضوی کے مطابق ابھی تک آگ لگنے کی وجہ اصل وجہ سامنے نہیں آ سکی ہے۔ ’البتہ جس طرح کی یہ آگ تھی بظاہر یہی لگ رہا ہے کہ شارٹ سرکٹ کے باعث یہ واقعہ رونما ہوا۔ یہ ایک پرانا گھر ہے اور اس میں وائرنگ بھی پرانی ہے۔ ہو سکتا ہے کہ اے سی کا بوجھ تاریں نہیں اٹھا سکیں اور سپارک کے باعث آگ لگ گئی۔ تاہم حتمی رپورٹ کے بعد ہی صورت حال واضع ہو گی۔‘
ہلاک ہونے والے افراد میں  60 سالہ سائرہ بانو، 40 سالہ فرزانہ، 18 سالہ ثانیہ 16 سالہ عادل حسین، 4 سالہ انزل فاطمہ، 13 سالہ سمیاب، 14 سالہ لڑکی مونو، 25 سالہ امبر، 14 سالہ سونو اور 7 ماہ کا بچہ عالم ڈار شامل ہیں۔  
پولیس کے مطابق آتشزدگی کے باعث اعجاز حسین نامی شخص کی بیوی سمیت چار بچے ہلاک ہوئے، جن میں تین بیٹیاں اور ایک بیٹا، وارث نامی شخص کی بیوی، ایک کمسن بچی اور سات ماہ کا بیٹا ہلاک ہوئے۔ ایدھی رضاکاروں نے لاشیں مردہ خانہ منتقل کردیں۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کمشنر لاہورڈویژن سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

شیئر: