Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین عازمین کی پہلی پرواز مدینہ پہنچ گئی، 4 ہزار خواتین محرم کے بغیر حج ادا کریں گی

ایئر پورٹ پر سعودی وزرا نے عازمین حج کا استقبال کیا۔ فوٹو: ایس پی اے
انڈیا سے عازمین حج کی پہلی پرواز جمعرات کو سعودی عرب پہنچی جہاں ایئرپورٹ پر انڈین سفیر نے ان کا استقبال کیا۔
عرب نیوز کے مطابق حج کوٹہ 2024 کے تحت انڈیا سے ایک لاکھ 75 ہزار 25 مسلمان حج ادا کرنے کی غرض سے سعودی عرب کا سفر کریں گے۔
رواں سال 14 جون سے مناسک حج شروع ہونے کا امکان ہے اور 19 جون کو اختتام پذیر ہوں گے۔ اگرچہ حج کے مراحل پانچ یا چھ دنوں میں مکمل ہو جاتے ہیں لیکن عازمین اس سے پہلے پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔
دہلی حج کمیٹی کی سربراہ کوثر جہان نے عرب نیوز کو بتایا کہ حج کے لیے پہلی پرواز 285 عازمین کو لے کر نیو دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جمعرات کی دوپہر 2 بج کر 20 منٹ پر روانہ ہوئی تھی۔
مدینہ پہنچنے پر انڈیا کے سعودی عرب میں سفیر سہیل اعجاز خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ عازمین کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سعودی وزیر برائے ٹرانسپورٹ و لاجسٹکس سروس صالح بن نصیر الجسر اور سعودی نائب وزیر برائے حج و عمرہ عبدالفتاح مشاط بھی موجود تھے۔
جدہ میں انڈین حج مشن نے اپنے فیس بک پیج پر پوسٹ کیا کہ ’انڈین عازمین حج کی پہلی پرواز مدینہ پہنچ گئی ہے اور ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا ہے۔ پہلی پرواز کی آمد کے ساتھ انڈیا کے حج 2024 کا آغاز ہو گیا ہے۔‘
انڈین حج کمیٹی کے چیئرمین اے پی عبداللہ کٹی نے کہا کہ جمعرات کو انڈیا کے مختلف شہروں سے پروازیں روانہ ہوئیں۔
انہوں نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’حج پروازوں کے پہلے دن 9 مئی کو انڈیا میں تقریباً دس مقامات سے متعدد جہاز روانہ ہوئے۔‘

دہلی سے پہلی پرواز 285 عازمین کو لے کر مدینہ پہنچی۔ فوٹو: ایس پی اے

ان شہروں میں بینگلور، حیدر آباد، جے پور اور انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے دارالحکومت سرینگر شامل ہیں۔
کمیٹی کے چیئرمین اے پی عبداللہ کٹی نے بتایا کہ رواں سال 4 ہزار سے زائد خواتین محرم کے بغیر فریضہ حج ادا کریں گی۔
انڈیا میں حج کی تیاری کے انتظامات کی نگرانی وزارت خارجہ میں سیکریٹری برائے کونسلر، پاسپورٹ ویزہ اور اوررسیز افیئرز مکتیش کے پردیشی کر رہے ہیں جو منگل کو سعودی عرب کا دورہ مکمل کر کے واپس لوٹے ہیں۔
وزارت نے جاری بیان میں کہا کہ دورے کے دوران سیکریٹری نے جدہ اور مدینہ میں حج 2024 کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
بیان کے مطابق سیکریٹری نے سعودی نائب وزیر برائے حج ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط سے ملاقات کی اور عازمین کی سہولت اور دیکھ بھال کے لیے کیے گئے انتظامات پر بات چیت کی۔

شیئر: