پاکستان کی ہاکی ٹیم ملائیشیا میں کھیلے گئے 30ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے کے بعد وطن واپس پہنچ گئی ہے۔
پاکستانی ہاکی ٹیم اتوار کو ملائیشیا سے پاکستان واپس پہنچی جہاں ایئرپورٹ پر کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا گیا۔
اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں رنرز اپ رہنے والی پاکستانی ٹیم کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ پر چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ افیئرز رانا مشہور سمیت سابق ہاکی پلیئرز اور ہاکی فیڈریشن کے عہدیداران موجود تھے۔
مزید پڑھیں
-
اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ: پاکستان نے کینیڈا کو 4-5 سے شکست دے دیNode ID: 856936
ایئرپورٹ پہنچنے پر ہاکی کھلاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جبکہ شہریوں کی جانب سے ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا گیا۔
خیال رہے کہ اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم فائنل سے پہلے گروپ مرحلے میں ناقابلِ شکست رہی تھی تاہم فائنل میں جاپان کے ہاتھوں گرین شرٹس کو پینلٹی شوٹ آؤٹ پر شکست ہوگئی۔
وطن واپسی پر ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں بہت زیادہ خوش ہوں کہ ہاکی جس لیول پر پہنچ گئی تھی اس کو واپس لانے کے لیے یہ ٹورنامنٹ بہت اہم تھا۔ ہم جیتے نہیں ہیں پر میں یہ سمجھتا ہوں کہ لڑکوں نے بڑا اچھا پرفارم کیا ہے۔‘
عماد بٹ نے مزید کہا کہ ’شوٹ آؤٹ پر ہارنا کوئی ہار نہیں ہوتی ہے۔‘
چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ افیئرز رانا مشہور نے کہا کہ ’ہاکی ٹیم نے پاکستان سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ ان نوجوانوں نے جیسے کھیل کا مظاہرہ کیا ہے، آج پاکستان کا بچہ بچہ ہاکی کے ساتھ دوبارہ جڑ گیا ہے۔ 13 سال بعد اذلان شاہ کپ کا فائنل کھیلنا اور ناقابلِ شکست رہنا، میں یہ سمجھتا ہوں کہ پاکستان کی ہاکی کا مستقبل دوبارہ زندہ ہوگیا ہے۔‘
دوسری جانب سے صوبائی وزیرِ کھیل پنجاب فیصل ایوب کھوکھر نے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
اس کے علاوہ ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے پر میئر کراچی اور صدر سندھ ہاکی ایسوسی ایشن مرتضٰی وہاب کی جانب سے فی کھلاڑی کو ایک ایک لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ہاکی ٹیم کی اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر خوشی بھرے تبصرے جاری ہیں۔
کرکٹ سپرسٹار شاہین شاہ آفریدی اپنی پوسٹ میں لکھتے ہیں کہ ’پورے ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہنا اور فائنل میں آخری منٹ تک کھیلنے کے بعد ٹیم تمام تر ساتھ اور تعریف کی حقدار ہے۔ ہم اپنی ہاکی ٹیم کی کوشش پر فخر محسوس کر رہے ہیں۔ آئیں مل کر پاکستان کے کھیلوں کے لیے کام کریں۔‘
صحافی فیضان لاکھانی اپنی پوسٹ میں لکھتے ہیں کہ ’اذلان شاہ کپ کھیلنے کے بعد وطن واپس آنے والی پاکستان ہاکی ٹیم کا بھرپور استقبال کیا گیا۔‘
سلمان جاوید نے تبصرہ کیا کہ ’خوب صورت تصویر۔ طویل عرصے کے بعد پاکستان ہاکی کے سنہری دن۔‘