Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اذلان شاہ ہاکی کپ جاپان کے نام‘، ’پاکستانی ٹیم نے ہار کر بھی قوم کا دل جیتا‘

پاکستانی ٹیم پینلٹی شوٹ آؤٹ مرحلے میں صرف ایک گول کرنے میں کامیاب ہو سکی (فوٹو: فلیش سکان ایکس)
جاپان نے فائنل میچ میں پاکستان کو پینلٹی شُوٹ آؤٹ پر شکست دے کر پہلی مرتبہ اذلان شاہ ہاکی کپ جیت لیا ہے۔
سنیچر کو ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلے گئے فائنل میں ایونٹ کی اب تک ناقابل شکست رہنے والی پاکستانی ٹیم پینلٹی شوٹ آؤٹ پر جاپان کے خلاف 1-4 سے ہار گئی اور سلور میڈل کی حقدار ٹھہری۔
میچ کے چاروں کوارٹرز کا کھیل ختم ہونے تک دونوں ٹیموں کے درمیان میچ دو دو گول سے برابر رہا جس کے بعد فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔
پینلٹی شوٹ آؤٹ مرحلے میں پاکستانی ٹیم نے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور جاپان کے چار گول کے مقابلے میں صرف ایک گول کرنے میں کامیاب ہو سکی۔
پاکستان کی جانب سے واحد گول عماد بٹ نے کیا جبکہ رانا وحید اشرف اور ارشد لیاقت گیند جال تک پہنچانے میں ناکام رہے۔
پاکستان اور جاپان کے درمیان فائنل میچ کا آغاز تیز رفتاری سے ہوا، دونوں ٹیموں کی جانب سے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کیے گئے۔
پاکستانی ٹیم کو میچ میں آٹھ پینلٹی کارنرز ملے جس پر وہ کوئی فائدہ نہ اٹھا سکی۔ جاپان کی جانب سے کھیل کے بارہویں منٹ میں سیرین تناکا نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔
 پاکستان کے اعجاز احمد نے کھیل کے 34ویں منٹ میں فیلڈ گول کر کے جاپان کی برتری کا خاتمہ کردیا جبکہ عبدالرحمان نے کھیل کے 37ویں منٹ میں دوسرا گول کر کے ٹیم کو ایک گول کی سبقت دلا دی۔
جاپان کی جانب سے ماٹسوموٹو نے کھیل کے 47ویں منٹ میں دوسرا گول کر کے میچ دو دو گول سے برابر کردیا۔
اس طرح چاروں کوراٹرز کے اختتام پر میچ 2-2 گول سے برابر رہا۔ پاکستان کے رانا وحید اشرف کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے چاروں کوارٹرز کا کھیل ختم ہونے تک دونوں ٹیموں کے درمیان میچ دو دو گول سے برابر رہا (فوٹو: سکان فلیش ایکس)

یاد رہے کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کی رینکنگ کے مطابق پاکستان 15ویں جبکہ جاپان 16ویں نمبر پر ہے۔
فائنل سے قبل پاکستان ٹیم ایونٹ میں ناقابل شکست رہی تھی، پاکستان نے تین میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ اس کے دو میچز ڈرا ہوئے۔
پاکستانی ٹیم نے آخری بار 2003 میں یہ ٹورنامنٹ جیتا تھا جبکہ سنہ 2011 میں آخری مرتبہ اس ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلا تھا۔
پاکستان نے گذشتہ ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن کے ساتھ کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔
اس ٹورنامنٹ میں میزبان ملائیشیا کے علاوہ پاکستان، جنوبی کوریا، نیوزی لینڈ، کینیڈا اور جاپان کی ٹیمیں شریک تھیں۔
پاکستان ہاکی ٹیم ملائیشیا میں کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ میں تین بار فاتح رہ چکی ہے۔ پاکستان نے سنہ 1999، سنہ 2000 اور سنہ 2003 میں کامیابیاں حاصل کیں۔

ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ’ہار جیت کھیل کا حصہ ہے‘ (فوٹو: ایکس)

رواں سال ملائیشیا نے اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنا تھا جس نے سنہ 2022 میں یہ کپ جیتا تھا تاہم ٹیم فائنل میں جگہ نہ بنا سکی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلنے پر پاکستانی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
سنیچر کو ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ’ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، قومی ٹیم نے طویل عرصے بعد عمدہ کھیل کا مظاہرہ کر کے پوری قوم کا دل جیت لیا ہے۔‘
اذلان شاہ ہاکی کپ میں چاندی کا تمغہ جیتنے پر پنجاب کے وزیر کھیل فیصل کھوکھر کا کہنا ہے کہ ’قومی ٹیم کو 20 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔‘
میئر کراچی اور صدر سندھ ہاکی ایسوسی ایشن مرتضیٰ وہاب نے پاکتانی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو ایک ایک لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

شیئر: