اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ: پاکستان نے کوریا کو 0-4 سے شکست دے دی
پاکستان کی جانب سے پہلا گول میچ کے تیسرے منٹ میں شاہد حنان نے کیا (فائل فوٹو)
ملائشیا کے شہر ایپوہ میں جاری 30ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے جنوبی کوریا کو 0-4 سے شکست دے دی۔
پاکستان کی جانب سے پہلا گول میچ کے تیسرے منٹ میں کپتان حنان شاہد نے کیا۔
گرین شرٹس کی طرف سے دوسرا گول ارشد لیاقت نے میچ کے 20 ویں منٹ میں کیا جبکہ غضنفر علی نے تیسرا گول میچ کے 27ویں منٹ میں کر کے ٹیم کو واضح برتری دلوائی۔
پاکستان کے لیے چوتھا گول میچ کے 50ویں منٹ میں صفیان خان نے کیا۔
اس میچ سے قبل پاکستانی ٹیم نے ٹورنامنٹ کے پہلے روز اپنے پہلے میچ میں میزبان ملائشیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد چارکے مقابلے میں پانچ گول سے ہرا دیا تھا۔
ملائشیا کے خلاف پاکستان کی جانب سے صفیان خان نے ہیٹرک کی جبکہ زکریا حیات اور ابوبکر محمود ایک ایک گول کرنے میں کامیاب رہے۔
پاکستان ہاکی ٹیم ایک روزہ آرام کے بعد 7 مئی کو جاپان کے خلاف پاکستانی وقت کے مطابق 3:15 بجے دوپہر تیسرا میچ کھیلے گی۔
سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے میں ٹورنامنٹ شریک تمام ٹیمیں ایک دوسرے سے ایک ایک میچ کھیلیں گی جس کے بعد پوزیشنل پلے آف مرحلہ کھیلا جائے گا۔
گروپ مرحلے میں پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں کے درمیان ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلا جائے گا۔
خیال رہے کہ 4 سے 11 مئی تک جاری رہنے والے سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں میزبان ملائشیا، پاکستان، کینیڈا، جاپان، نیوزی لینڈ اور کوریا کی ٹیمیں شریک ہیں۔