Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ایئرپورٹس پر مسافروں کی تعداد میں 26 فیصد اضافہ

جدہ ایئرپورٹ 2023 میں مسافروں کے حوالے سے سرفہرست رہا۔ (فوٹو عاجل)
سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے منگل کو 2023 ایئرٹرانسپورٹ کے حوالے سے سالانہ رپورٹ جاری کی ہے۔
عاجل ویب کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا کہ سال 2023 میں مملکت کے ایئرپورٹس پر مسافروں کی تعداد 112 ملین تک پہنچ گئی یہ تعداد 2022 کے مقابلے میں 26 فیصد زیادہ ہے۔
 2023 میں انٹرنیشنل روٹس پر مسافروں کی تعداد 61 ملین رہی جو 2022 کے مقابلے میں 46 فیصد زیادہ رہی جبکہ 2023 میں ڈومیسٹک پروازوں کے مسافروں کی کل تعداد 51 ملین رہی جو 2022 کے مقابلے میں 9 فیصد زیادہ ہے۔
 2023 میں مملکت کے ایئرپورٹس پر اندرون ملک پروازوں کی تعداد 4 لاکھ 21 ہزار تک پہنچ گئی جس میں 2022 کے مقابلے میں 2 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح 2023 میں انٹرنیشنل پروازوں کی تعداد 3 لاکھ 94 ہزار تک رہی جو گزشتہ سال کے مقابل میں 36 فیصد زیادہ ہے۔
جنرل اتھارٹی برائے شماریات کی رپورٹ میں  بتایا گیا کہ 2023 میں ایئرپورٹس پر کارگو ہینڈلنگ 918 ہزار ٹن تک پہنچ گئی ہے جو اس سے گزشتہ سال کے مقابلے  میں 7 فیصد زیادہ  ہے۔  کارگو کے حوالے سے دسمبر 2023  کے دوران 93 ہزار ٹن سامان کی ترسیل ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق 2023 میں مملکت فضائی رابطوں کے حوالے سے 9 یں نمبر پر ہے جبکہ 2019 میں یہ نمبر 18 واں تھا۔ 2023 میں مملکت کے ایئرپورٹس پر86 ممالک کی پروازیں پہنچیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 12 فیصد زیادہ ہیں۔
 رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2023 میں مملکت کے تمام ایئرپورٹس کی گنجائش 116 ملین مسافروں تک پہنچ گئی۔ جدہ کا  کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ 45 ملین سالانہ مسافروں کے ساتھ سرفہرست رہا جبکہ ریاض کا کنگ خالد ایئرپورٹ 37 ملین سالانہ مسافروں کے ساتھ دوسرے اور دمام کا کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ 13 ملین سالانہ مسافروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: