شعیب اختر نے ویڈیو پیغام میں اپنے متعلق افواہوں کی وضاحت کی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے نامور فاسٹ بالر شعیب اختر کے حوالے سے کچھ عرصہ پہلے انڈین میڈیا پر خبریں چلی تھیں کہ انہوں نے بالی وڈ کی ایک اداکارہ کو اغوا کرنے کی دھمکی دی تھی۔
اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق شعیب اختر نے کہا تھا کہ اداکارہ سونالی بیندرے نے اگر شادی کی پیشکش قبول نہ کی تو وہ انہیں اغوا کر لیں گے۔
اس خبر میں کس حد تک حقیقت ہے اور کتنی مبالغہ آرائی، اس سے متعلق سونالی بیندرے سے پوچھا گیا۔
ایک پوڈ کاسٹ شو پر بات کرتے ہوئے اداکارہ سے پوچھا گیا کہ کیا واقعی شعیب اختر نے انہیں دھمکی دی تھی۔
شو کے میزبان شوبھنکر مشرا نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کرکٹر نے سونالی بیندرے کے لیے اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا تھا اور وہ ان سے شادی کی خواہش رکھتے تھے۔
اس پر سونالی بیندرے کا کہنا تھا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ یہ کس حد تک سچ ہے۔ فیک نیوز تب بھی چلتی تھی۔‘
میزبان نے کہا کہ شعیب اختر نے مذاق سے یہ بھی کہا تھا کہ وہ سونالی بیندرے کو ’اغوا‘ کر لیں گے جس پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ واقعی انہوں نے ایسا کچھ کہا تھا۔‘
پوڈ کاسٹ کے میزبان نے سونالی بیندرے کو بتایا کہ پاکستانی کرکٹر ان کے بہت بڑے فین تھے تو اس پر اداکارہ نے شکر کرتے ہوئے کہا کہ ’شائقین کے پیار کی وجہ سے ہی میرا کیریئر بنا۔‘
شعیب اختر کے حوالے سے یہ دعوے کئی سالوں سے میڈیا میں گردش کر رہی تھی لیکن سال 2019 میں انہوں نے ایک ویڈیو پیغام میں اس کی وضاحت پیش کی۔
شعیبب اختر نے اپنے یوٹیوب پیچ پر جاری ویڈیو پیغام میں ان تمام افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ کے لیے اس بات کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔
کرکٹر نے ویڈیو میں کہا کہ یہ دعویٰ بھی کیا جاتا ہے کہ وہ اپنے پرس میں سونالی بیندرے کی تصویر لیے پھرتے ہیں اور ان سے شادی کرنا چاہتے ہیں لیکن یہ سب غلط ہے۔
’میں کبھی بھی سونالی بیندرے سے نہیں ملا۔ میں کبھی بھی ان کا فین نہیں تھا۔ میں نے انہیں فلموں میں دیکھا ہے اور یقیناً وہ ایک خوبصورت خاتون ہیں لیکن میں ان کا فین نہیں رہا۔‘
شعیب اختر نے مزید کہا ’لیکن جب انہوں (سونالی بیندرے) نے کینسر کے مرض سے لڑنا شروع کیا تب بطور انسان میں نے انہیں پسند کرنا شروع کیا کہ وہ کس قدر بہادر ہیں۔‘
’لیکن بھائی میرے میرا ان سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔‘