Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب لیگ سربراہ کانفرنس: بحرین کا مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے بین الاقوامی کانفرنس بلانے کا مطالبہ

بحرین کے بادشاہ نے فلسطینی ریاست کو مکمل تسلیم کرنے کے لیے حمایت کا اعادہ کیا۔ فوٹو: ایس پی اے
بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے عرب لیگ سربراہ کانفرنس سے خطاب میں مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے بین الاقوامی کانفرنس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
جمعرات کو بحرین کے دارالحکومت منامہ میں شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ کی سربراہی میں عرب لیگ سربراہ کانفرنس کا آغاز ہوا۔
عرب نیوز کے مطابق بحرین کے بادشاہ نے فلسطینی ریاست کو مکمل تسلیم کرنے اور اقوام متحدہ میں رکنیت کی منظوری کے لیے اپنے ملک کی حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے زور دیا کہ فلسطینی ریاست کے قیام سے خطے میں مثبت عکاسی ہو گی۔
گزشتہ ہفتے جنرل اسمبلی نے بھاری اکثریت سے اقوام متحدہ کا مکمل رکن بننے کی فلسطینی کوشش کی حمایت کی تھی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اس درخواست پر دوبارہ غور کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
عرب لیگ سربراہ کانفرنس سے خطاب میں بحرین کے بادشاہ نے کہا ’فلسطینی جس (صورتحال) کا سامنا کر رہے ہیں اس کے لیے متفقہ بین الاقوامی مؤقف کی ضرورت ہے۔‘
کانفرنس سے خطاب میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا جسے بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا جائے۔
ایک روزہ عرب لیگ سربراہی کانفرنس میں غزہ کی صورتحال، جنگ بندی کی تجویز، اور علاقائی امن کے حصول کے لیے فلسطین میں دو ریاستی حل کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے منامہ میں عرب لیگ سربراہ کانفرنس میں شرکت کی۔ فوٹو: ایس پی اے

اپنی تقریر کے دوران شہزادہ محمد بن سلمان نے غزہ میں انسانی بحران کے خاتمے کے لیے مملکت کی کوششوں پر روشنی ڈالی اور عرب دنیا کو درپیش مسائل پر سعودی عرب کی حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی کی کوششوں کی حمایت کرے اور فلسطینی شہریوں کے خلاف جارحیت کو روکے۔
ریاض نے نومبر میں ایک غیر معمولی سربراہی اجلاس کی میزبانی کی تھی جس میں شریک عرب رہنماؤں نے غزہ میں اسرائیل کے ’وحشیانہ‘ اقدامات کی مذمت کی تھی۔
ولی عہد نے کہا کہ ’مملکت کا مطالبہ ہے کہ تنازعات کو پرامن طریقے سے حل کیا جائے۔‘
عرب لیگ سربراہ کانفرنس میں قطر کے امیر تمیم بن حمد الثانی، امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم محمد بن راشد، کویت کے وزیراعظم شیخ احمد عبداللہ الاحمد الصباح اور شام کے صدر بشار الاسد کے علاوہ دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

شیئر: