Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحرین میں عرب سربراہ کانفرنس آج ہوگی، مسئلہ فلسطین سرفہرست

’اجلاس کئی اعتبار سے نہایت اہمیت کا حامل ہے جس میں مسئلہ فلسطین کے علاوہ کئی اہم امور پر بات کی جائے گی‘ ( فوٹو: العربیہ)
آج جمعرات کو بحرین میں عرب لیگ کا 33 واں سربراہ اجلاس منعقد ہو رہا ہے۔
العربیہ کے مطابق منامہ میں ہونے والا یہ اجلاس کئی اعتبار سے نہایت اہمیت کا حامل ہے جس میں مسئلہ فلسطین، سوڈان کا بحران، خطے کی سلامتی اور معاشی چیلنجز پر بات کی جائے گی۔
سربراہی اجلاس غیر معمولی حالات میں منعقد ہو رہا ہے جس کے ایجنڈے کے مسودے میں 8 اہم موضوعات ہیں جن میں سیاسی، اقتصادی، سماجی، ثقافتی، میڈیا اور سکیورٹی جیسے اہم شعبے شامل ہیں۔
غزہ کی پٹی میں جنگ سب سے اہم موضوع ہوگا جسے عرب لیگ ایک انسانی المیہ قرار دے چکی ہے۔
اجلاس میں غزہ میں جاری جنگ کے خطے کی سلامتی پر مرتب ہونے والے اثرات، مسئلہ فلسطین کے مستقبل اور غزہ میں اسرائیلی خلاف ورزیوں پرغور کیا جائے گا۔
 اس حوالے سے عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل ایک رپورٹ بھی پیش کریں گے جس میں مسئلہ فلسطین اور غزہ کی پٹی کی صورت حال پر بریفنگ دی جائے گی۔
عرب سربراہی اجلاس کے ایجنڈے کے مسودے میں لبنان کے ساتھ یکجہتی، شام کی صورت حال میں پیشرفت، سوڈان میں امن اور ترقی کی حمایت، لیبیا کی صورت حال میں پیشرفت اوریمن سمیت کئی موضوعات شامل ہیں۔
صومالیہ اور یونائیٹڈ ریپبلک آف کوموروس کے لیے حمایت بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
 جبوتی-ایریٹریا سرحدی تنازعہ، النہضہ ڈیم کا مسئلہ جس ایک طرف مصر اور دوری طرف سوڈان اورایتھوپیا جیسے ممالک کا اختلاف چلا آ رہا ہے۔
عرب معاملات میں ایران اور ترکیہ کی مداخلت کی فائل بھی سربراہی اجلاس کے ایجنڈے کے مسودے میں شامل ہے۔

شیئر: