Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فوربز انڈر 30: ایشیا کی فہرست میں سات پاکستانی نوجوان کاروباری بھی شامل

سرخیل شاہد بوانے کا کہنا ہے کہ ’فوربز کی 30 انڈر 30 لسٹ میں شامل ہونے پر میں بے حد خوش ہوں‘ (فوٹو: گوگل/انٹرنیٹ)
امریکی جریدے فوربز نے رواں برس کی اپنی انڈر 30 ایشیا کی فہرست ریلیز کی ہے جس میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے سات نوجوان کاروباری شخصیات بھی شامل ہیں۔
ویب سائٹ ’پرو پاکستانی‘ کے مطابق جمعرات کو فوربز نے اپنی نویں سالانہ انڈر 30 ایشیا فہرست جاری کی جس میں ایشیا پیسیفک خطے سے تعلق رکھنے والے 30 سال کی عمر سے کم کے 300 نوجوان کاروباری شخصیات کو شامل کیا گیا ہے۔
اس فہرست میں سات پاکستانی کاروباری شخصیات بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔
30 انڈر 30 ایشیا کی لسٹ میں پاکستان سے جگہ بنانے والے نوجوان کاروباری شخصیات میں سرخیل شاہد بوانے (ابھی)، عدیل عابد (لنکسٹار)، اعزاز نیئر (لنکسٹار)، علی رضا (لنکسٹار)، علینہ ندیم (ایجو فائی)، کسریٰ زونیئر (ٹرکر) اور بشریٰ سلطان (آرٹسٹ) شامل ہیں۔
اس سلسلے میں ’لنکسٹار‘ اور ’اولیو‘ کے شریک بانی علی رضا کا کہنا ہے کہ ’ہمیں فوربز کی جانب سے فہرست میں شامل کرنے پر بھرپور خوشی ہے۔ یہ ہماری ٹیم کے گزشتہ تین برسوں میں کیے جانے والے شاندار کام کی عکاسی ہے لیکن یہ ہمارے سفر کا چھوٹا سنگ میل ہے۔‘
فِن ٹیک سٹارپ کمپنی ’ابھی‘ کے ہیڈ آف پروڈکٹ سرخیل شاہد بوانے کا کہنا ہے کہ ’فوربز کی 30 انڈر 30 لسٹ میں شامل ہونے پر میں بے حد خوش ہوں۔ یہ صرف ذاتی کامیابی ہی کی عکاسی نہیں کرتا بلکہ پورے پاکستان میں شاندار ٹیلںٹ اور قابلیت کو ظاہر کرتا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ایسے معتبر پلیٹ فارم  پر اپنے ملک کی نمائندگی کرنا میرے لیے فخر کی بات ہے۔‘
خیال رہے کہ فوربز نے اس لسٹ کے لیے چار ہزار سے زائد امیدواروں کا انتخاب کیا اور پھر اُن میں سے 300 امیدواروں کو فنڈنگ، ریونیو، سوشل امپیکٹ، سکیل وغیرہ جیسے کی ورڈز کے ذریعے لسٹ میں شامل کیا۔

شیئر: