داخلی عازمین حج کےلیے بس سروس، بکنگ کیسے کرائیں؟
شہروں میں ٹرانسپورٹ سروس کے 260 پوائنٹس مخصوص کیے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی کا کہنا ہے’ حج سیزن کے لیے اندورن مملکت داخلی عازمین کی نقل و حرکت کو منظم رکھنے کےلیے بسوں کے نیٹ ورکس کو حتمی شکل دی گئی ہے‘۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے اندرون مملکت عازمین حج کو بس ٹرانسپورٹ سروس کی فراہمی کےلیے تین کمپنیوں کو لائسنس جاری کیے ہیں جو مملکت کے مختلف شہروں سے عازمین کو مکہ مکرمہ لانے اور لے جانے کے لیے خدمات فراہم کریں گی۔
جن کمپنیوں کو عازمین کی نقل وحمل کی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں ان میں ’نارتھ ویسٹ کمپنی، درب الوطن کمپنی اور سات کمپنی شامل ہے۔
یہ کمپنیاں یکم ذوالقعدہ سے 15 ذوالحجہ تک خدمات فراہم کریں گی جس کے تحت وہ مختلف شہروں سے عازمین کو مکہ مکرمہ لائیں گی اور حج کے بعد ان کے شہروں تک واپس لے جائیں گی۔
ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے مملکت کے مختلف شہروں میں ٹرانسپورٹ سروس کے 260 پوائنٹس مخصوص کیے ہیں جہاں سے یومیہ بنیاد پر 200 بسیں مکہ مکرمہ کے لیے روانہ ہوں گی۔
ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے’ بس سروس حاصل کرنے کے خواہشمند بکنگ کے لیے ٹرانسپورٹ کی ویب سائٹ سے رجوع کرسکتے ہیں جہاں وہ اپنے سفر کی بکنگ کے بعد ٹکٹ بھی خرید سکیں گے‘۔