مدینہ منورہ میں سرکاری ہسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز نے ( یکم سے 17 ذوالقعدہ) دو ہفتے کے دوران 12 ہزار66 عازمین کو صحت خدمات فراہم کی ہیں۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت صحت نے بیان میں کہا کہ’ 10 ہزار748 عازمین کو مسجد نبوی سے متصل اور مرکزی علاقے میں واقع ہیلتھ سینٹرز نے صحت خدمات فراہم کی ہیں‘۔
علاوہ ازیں مدینہ منورہ کے ہسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز سے ایک ہزار323 عازمین حج نے رجوع کیا اور 31 کارڈیک کیتھرائزیشن آپریشن کیے گئے۔
مختلف ملکوں کے 38 عازمین کو سرجریز کی ضرورت تھی جبکہ 77 عازمین کو ڈائیلائسز کی سہولت فراہم کی گئی۔
یاد رہے کہ صحت خدمات کی فراہمی سعودی حکومت کی طرف سے حج سیزن میں عازمین کی آمد ورفت کے تمام مقامات پر فراہم کی جانے والی خدمات کا ایک اہم حصہ ہے۔