مدینہ میں عازمین کی آمد کا سلسلہ جاری، 12 سو سے زائد پروازیں پہنچ چکیں
قبل از حج مدینہ آنے والے عازمین کی واپسی جدہ حج ٹرمنل سے ہوتی ہے(فوٹو ایکس اکاونٹ)
مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرمختلف ممالک سے براہ راست عازمین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
الاخباریہ چینل کے مطابق اب تک مختلف ممالک سے 1269 بین الاقوامی پروازوں کے ذریعے عازمین یہاں پہنچ چکے ہیں جنہیں مدینہ منورہ میں چند روز قیام کے بعد مکہ مکرمہ لے جایا جاتا ہے۔
حج پروازوں کا سلسلہ مدینہ منورہ سے شروع ہوا تھا جس کے بعد گزشتہ ہفتے سے جدہ ایئرپورٹ، بندرگاہ اور بذریعہ بس مختلف ممالک کے عازمین پہنچنا شروع ہوئے ہیں۔
واضح رہے وہ عازمین حج جن کی آمد مدینہ منورہ ہوتی ہے وہ فریضہ کی ادائیگی کے بعد جدہ کے حج ٹرمنل سے اپنے ملکوں کو روانہ ہوتے ہیں۔
جدہ حج ٹرمنل پر آنے والے عازمین کی حج کے بعد واپسی مدینہ منورہ سے کی جاتی ہے۔ بعداز حج مدینہ منورہ آنے والے حجاج کرام کی واپسی شہزادہ محمد بن عبدالعزیز ایئرپورٹ سے ہوتی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں