ایشیائی کو ہراساں کرنے پر4 غیرملکیوں کوقید اور جرمانے کی سزا
ملزمان نے واردات کی وڈیو بنا کر اسے سوشل میڈیا پربھی اپ لوڈ کردیا تھا(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
ادارہ پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ ایشیائی کو چھیڑنے اورغیراخلاقی حرکت کرنے پر عرب ملک سے تعلق رکھنے والے 4 غیرملکیوں کو قید اور جرمانہ کی سزا سنا دی گئی۔
اخبار 24 کے مطابق ادارہ پراسیکیوشن جنرل نے آداب عامہ ضوابط کی خلاف ورزی پر چار افراد کو حراست میں لیا جنہوں نے ایک سپرمارکیٹ میں ایشیائی کو ہراساں کیا اور اس سے بداخلاقی کی ۔
ملزمان نے ایشیائی کو ہراساں کرنے کی وڈیو بھی بنا کر اسے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردیا۔
ملزمان کے بارے میں پراسیکیوشن کو اطلاع ملی جس پر انہیں فوری گرفتار کرنے کے احکامات صادر کر دیئے گئے۔ پولیس نے پراسیکیوشن کی ہدایات پر وڈیو کے ذریعے چاروں ملزمان کی شناخت کی اور انہیں گرفتار کرکے مقدمہ دائر کردیا ا۔
ادارہ پراسیکیوشن کا کہنا تھا کہ واردات کے وڈیو ثبوت دیکھنے اور اقبال بیانات کی روشنی میں واقعے کے 2 مرکزی کرداروں کو 5 برس قید اور ایک لاکھ ریال جرمانہ جبکہ دیگر دو کو ایک برس قید کی سزا کا حکم سنا دیا گیا۔
جرمانہ اور قید کی سزا مکمل کرنے کے بعد مجرموں کو مملکت سے بے دخل کردیا جائے گا ۔