Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصری اور امریکی وزرائے خارجہ کا رابطہ، غزہ کے بحران پر تبادلہ خیال

وزرائے خارجہ نے مشاورت اور قریبی ہم آہنگی جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔( فائل فوٹو: اے ایف پی)
مصر کے وزیر خارجہ سامع شکری اور امریکی ہم منصب انتونی بلنکن نے اتوار کو ٹیلی فونک رابطے میں غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
رابطے کے دوران مصری وزیر خارجہ نےغزہ کی پٹی کے خلاف اسرائیلی جنگ کو روکنے، فوری اور دیرپا جنگ بندیتک پہنچنے، یرغمالیوں اور قیدیوں کے تبادلے، فلسطینی عوام تک انسانی امداد کی مکمل اور بلا روک ٹوک رسائی یقینی بنانے کی تمام کوششوں کےلیے مصر کی سپورٹ کا اعادہ کیا۔
مصری وزارت خارجہ کے ترجمان احمد ابوزید نے کہا کہ’ دونوں وزرائے خارجہ نے غزہ میں جاری انسانی بحران کے مختلف پہلووں کا جائزہ لیا‘۔
مصری وزیر خارجہ نے اسرائیل اورغزہ کے درمیان تمام زمینی گزرگاہیں کھولنے پر زور دیا تکہ امداد کی فراہمی اور غزہ میں بین الاقوامی امدادی عملے کے آپریشن کے لیے محفوظ حالات فراہم کیے جا سکیں۔
انہوں نے جنگ کو روکنے اور غزہ کی پٹی میں بگڑتے ہوئے انسانی بحران کے خاتمے کے لیے مشاورت اور قریبی ہم آہنگی جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
یاد رہے کہ امریکی صددر جو بائیڈن نے اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کے لیے تین مرحلوں پر مشتمل مجوزہ معاہدے کا انکشاف کیا تھا۔
صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ مجوزہ معاہدے کا پہلا مرحلہ چھ ہفتوں تک جاری رہے گا اور اس میں ’مکمل اور حتمی جنگ بندی‘، غزہ کے تمام آبادی والے علاقوں سے اسرائیلی افواج کا انخلا اور خواتین سمیت متعدد اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی شامل ہے جس کے بدلے میں سینکڑوں فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔

شیئر: