تین حلقوں کے کیسز: ٹربیونل کی تبدیلی کی درخواستیں سماعت کے لیے منظور
پاکستان کے الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے تینوں حلقوں کے نتائج کے خلاف کیسز دوسرے ٹربیونل کو منتقل کرنے کی درخواستیں سماعت کے لیے منظور کر لی ہیں۔
منگل کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے اسلام آباد کے تینوں حلقوں کے نتائج کے خلاف کیسز دوسرے ٹریبونل کو منتقل کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔
الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ن لیگی امیدواروں کی درخواستیں سماعت کے لیے منظور کر لیں اور تمام فریقین کو نوٹسز جاری کردیے۔
اسلام آباد کے تینوں حلقوں کے نتائج کے خلاف کیسز کے خلاف درخواسستوں کی سماعت چھ جون کو ہو گی۔
ن لیگ کے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، انجم عقیل اور راجہ خرم نواز نے الیکشن ٹربیونل پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ٹریبونل کی تبدیلی کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست دائرکی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ’خدشہ ہے انصاف نہیں ملے گا کیونکہ موجودہ ٹربیونل سے مطمئن نہیں ہیں۔‘