مسجد الحرام میں معذور اور بزرگ عازمین کے لیے کیا سہولتیں ہیں؟
مسجد الحرام میں معذور اور بزرگ عازمین کے لیے کیا سہولتیں ہیں؟
جمعرات 6 جون 2024 5:38
معذور مرد و خواتین کے لیے بھی جگہیں مخصوص ہیں۔ (فوٹو حرمین جنرل پریزیڈنسی ویب)
مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور کی جنرل اتھارٹی معذور اور بزرگ عازمین کے تجربات کو پرسکون اور باوقار بنانے کےلیے مختلف خدمات فراہم کرتی ہے ۔
ایس پی اے کے مطابق گالف کارٹس معذور افراد اور بزرگوں کو مسجد الحرام کے دروازوں تک لاتی اور لے جاتی ہیں تاکہ انہیں مناسک ادا کرنے میں مدد مل سکے۔
’تنقل‘ ایپلی کیشن کے ذریعے الیکٹرک ویل چیئر کی بکنگ کرائی جاسکتی ہے۔ اس کے لیے داخلہ المروۃ پل کے باب نمبر 25 نمبر، باب نمبر 16، اجیاد پل کا باب 5، الشبیکہ پل کا باب 66، اجیاد ایسکلیٹر کے داخلے کا دروازہ 5 شامل ہیں۔
سادہ ویل چیئر دو جگہوں پر فراہم کی جاتی ہیں ان میں مشرقی جانب باب السلام 19 اور مغربی جانب اجیاد پل کا راستہ شامل ہیں۔
کارٹ چلانے والے افراد بوڑھے اور معذور افراد کے لیے اپنی خدمات رضاکارانہ طور پیش کرتے ہیں۔ اجیاد کی جانب زمینی منزل اور مطاف کی زمینی و صفا کی دوسری منزل جہاں زائرین سعی کرتے ہیں۔
مسجد الحرام میں ویل چیئر استعمال کرنے والی خواتین کے لیے نماز کی ادائیگی کے لیے 3 جگہیں مختص ہیں ان میں کنگ فہد کا توسیع والا حصہ گیٹ نمبر 88 اورالشبیکہ کی جانب پہلی منزل پر گیٹ نمبر65 کے علاوہ صحن مطاف کے سامنے کنگ فہد توسیع والے حصے کی جانب مصلی نمبر 15 مخصوص کیا گیا ہے۔
معذور افراد اور بزرگوں کے لیے جگہیں مختص ہیں جہاں تیمم کے لیے خصوصی انتظام، آسانی سے پڑھنے کے لیے بڑے فونٹ کا قرآن پاک، اس کے علاوہ مذہبی آگاہی کے لیے کتابیں، نابینا افراد کے لیے چھڑی، ویل چیئراس کے علاوہ اشارتی زبان کے مترجمین بھی موجود ہوتے ہیں۔
بصارت سے محروم افراد کے لیے جدید ڈیجیٹل بریل قرآن پاک بھی موجود ہیں۔ طواف کے دوران بزرگ اور معذوروں کو دھوپ سے بچانے کے لیے چھتری آسانی سے دستیاب ہوتی ہے۔
نماز کے بعد آسانی سے باہر نکلنے کے لیے مختلف رہنما نشانات بھی لگائے گئے ہیں۔ سکیورٹی عملہ بھی تعینات ہے تاکہ عازمین و زائرین آسانی سے اپنی رہائش واپس جا سکیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں