غیر قانونی طور پر مکہ لے جانے کی کوشش، مزید 18 افراد کو سزا
15 دن کی قید اور فی کس 10 ہزار ریال جرمانہ کی سزا دی گئی۔ (فوٹو: سبق)
سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے ’حج سکیورٹی فورس نے حج ضوابط کی خلاف ورزی پر مکہ کے داخلی راستوں پر مزید 18 افراد کو گرفتار کیا ہے‘۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق پانچ غیرملکیوں جبکہ تیرہ سعودی شہری 103 افراد کو غیرقانونی طریقے سے مکہ مکرمہ لے جانے کی کوشش کررہے تھے۔
محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کی سیزنل تحقیقاتی کمیٹی نے زیر حراست افراد کے خلاف انتظامی فیصلے جاری کیے۔ ہر ایک کیریئر کو( پرمٹ کے بغیر) مکہ لے جانے پر 15 دن کی قید اور فی کس 10 ہزار ریال جرمانہ کی سزا دی گئی۔
گرفتارغیرملکیوں کو سزا مکمل کرنے کے بعد مملکت سے بے دخل کیا جائے گا جبکہ ٹرانسپورٹ کے لیے استعمال ہونے والی دو گاڑیاں بھی ضبط کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ ادارہ امن عامہ کے ڈائریکٹر جنرل البسامی نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ’حج سکیورٹی فورس کی اولین ترجیح حجاج کی سلامتی و تحفظ ہے تاکہ وہ آرام و سکون فریضہ حج ادا کرکے سلامتی کے ساتھ اپنے وطن کو جائیں‘۔
’حج ضوابط کا مقصد غیرقانونی طورپر حج کے لیے جانے والوں کو روکنا ہے تاکہ بیرون مملکت سے اور قانونی طورپر حج کرنے والوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ حج کے مناسک آرام سے ادا کرسکیں‘۔