حج ضوابط کی خلاف ورزی پر 21 افراد گرفتار، قید اور جرمانے کی سزا
آٹھ غیرملکیوں جبکہ تیرہ سعودی شہریوں کو داخلی راستوں پر پکڑا گیا( فوٹو: اخبار24)
سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے حج سکیورٹی فورس نے حج ضوابط کی خلاف ورزی پر 21 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کےمطابق آٹھ غیرملکیوں جبکہ تیرہ سعودی شہریوں کو داخلی راستوں پر پکڑا گیا جو ہیں جو 61 افراد کو غیرقانونی طریقے سے مکہ مکرمہ لے جانے کی کوشش کررہے تھے۔
محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کی سیزنل تحقیقاتی کمیٹی نے زیر حراست افراد کے خلاف 21 انتظامی فیصلے جاری کیے۔ ہر ایک کیریئر کو( پرمٹ کے بغیر) مکہ لے جانے پر15 دن کی قید اور فی کس 10 ہزار ریال جرمانہ کی سزا دی گئی۔
گرفتارغیرملکیوں کو سزا مکمل کرنے کے بعد مملکت سے بے دخل کیا جائے گا جبکہ غیرقانونی افراد کو مکہ منتقل کرنے کے لیے استعمال ہونے والی تین گاڑیاں بھی ضبط کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ ادارہ امن عامہ کے ڈائریکٹر جنرل البسامی نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ’حج سکیورٹی فورس کی اولین ترجیح حجاج کی سلامتی و تحفظ ہے تاکہ وہ آرام و سکون فریضہ حج ادا کرکے سلامتی کے ساتھ اپنے وطن کو جائیں‘۔
’حج ضوابط کا مقصد غیرقانونی طورپر حج کے لیے جانے والوں کو روکنا ہے تاکہ بیرون مملکت سے اور قانونی طورپر حج کرنے والوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ حج کے مناسک آرام سے ادا کرسکیں‘۔