پاکستانی فٹبال ٹیم بالآخر دوشبنہ پہنچ گئی، آج تاجکستان کے خلاف میچ کھیلے گی
پاکستان کی قومی فٹبال ٹیم پاکستان فضائیہ کے خصوصی طیارے سے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبہ پہنچ گئی ہے۔
منگل کی صبح قومی ٹیم نور خان ایئر بیس سے دوشنبہ روانہ ہوئی تھی۔
دوشبہ کے لیے کمرشل فلائٹ کی عدم دستیابی اور چارٹرڈ فلائٹ کی تکنیکی خرابی کے باعث قومی ٹیم کی پرواز کا شیڈول دو بار متاثر ہوا تھا۔
فیفا کوالیفائر راؤنڈ 2 میں آج پاکستان کی ٹیم اپنا آخری میچ تاجکستان کے خلاف دوشنبہ میں کھیلے گی۔
یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے کھیلا جائے گا۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے مطابق ٹیم کے 35 رکنی سکواڈ کے آٹھ کھلاڑی دوشنبہ پہلے ہی پہنچ چکے تھے جبکہ دیگر یہیں رہ گئے تھے۔
اس سے پہلے بھی پاکستان سے تاجکستان کے لیے کمرشل فلائٹس کی عدم دستیابی کے باعث پاکستان کی ٹیم کی تاجکستان روانگی تاخیر کا شکار رہی۔
اتوار کو قومی فٹبال ٹیم کی تاجکستان روانگی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے فٹبال فیڈریشن نے وزیراعظم کے دفتر سے رابطہ کیا گیا تھا۔
قومی ٹیم کی تاجکستان روانگی کا شیڈول نجی ایئرلائن کی پرواز منسوخ ہونے سے متاثر ہوا تھا جبکہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ذرائع کے مطابق قومی فٹبال ٹیم کی راؤنڈ 2 کے آخری میچ میں شرکت بھی خطرے میں پڑ گئی تھی۔
قومی ٹیم نے فیصل آباد سے براستہ دبئی دوشنبہ جانا تھا تاہم نجی ایئرلائن کی پرواز دو بار تاخیر کے بعد منسوخ کر دی گئی تھی۔
پاکستان فٹ بال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک اور اراکین نے حکومت پاکستان کا ہر طرح سے تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا ہے جس نے قومی فٹبال ٹیم کے لیے بروقت چارٹرڈ پرواز کا انتظام کیا۔
ہارون ملک نے خصوصی طورپر حکومت، پاکستانی فوج اور پاکستانی فضائیہ کی تعریف کی جن کی بدولت قومی ٹیم بروقت اور بحفاظت دوشنبہ پہنچی۔