Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر: سعودی عرب نے پاکستان کو تین صفر سے شکست دے دی

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوالیفائر راؤنڈ 2 میں سعودی عرب نے پاکستان کو تین کے مقابلے میں صفر گول سے شکست دے دی۔
جمعرات کو اسلام آباد کے جناح سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سعودی عرب نے پاکستان آؤٹ کلاس کر دیا۔
سعودی عرب کی جانب سے پہلا گول 27 ویں منٹ جبکہ دوسرا گول 41 ویں منٹ پر کیا گیا۔
دونوں گول سعوی فٹبالر فراس البریکان کی جانب سے کیے گئے۔ پاکستانی فٹبالرز کی بھرپور مشقت کے باوجود سعودی عرب تیسرا گول کرنے میں بھی کامیاب رہا۔ سعودی عرب کی جانب سے تیسرا گول دوسرے ہاف میں کیا گیا۔
سعودی عرب کی جانب سے میچ کا تیسرا گول مصاب الجوویر نے 51 ویں منٹ میں کیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان یہ فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر کا دوسرا میچ تھا جبکہ سعودی ٹیم پہلی مرتبہ پاکستان آئی ہے۔
اس سے قبل نومبر 2023 میں سعودی شہر الاحسا میں کھیلے گئے پہلے میچ میں سعودی عرب نے پاکستان کو 0-4 سے ہرایا تھا۔
فیفا کوالیفائر ٹورنامنٹ میں پاکستان کے ساتھ گروپ جی میں سعودی عرب، اُردن اور تاجکستان ہیں۔
 واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم پانچ میچوں میں مسلسل شکست کے باعث فیفا ورلڈ کپ 2026 کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے۔

سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان ہونے والے تاریخی فٹبال میچ میں شریک شائقین کا ایک منظر (فوٹو: اردو نیوز)

پاکستان فیفا کوالیفائر کا اگلا میچ 11 جون کو تاجکستان کے خلاف کھیلے گا جو کہ راؤنڈ 2 میں ٹیم کا آخری میچ ہوگا۔
دوسری جانب سعودی ٹیم اس میچ کے بعد 11 جون کو دارالحکومت ریاض میں اُردن کے خلاف میچ کھیلے گی۔
اگر گروپ جی کے پوائنٹس ٹیبل کو دیکھا جائے تو سعودی عرب 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، اُردن 7 پوائنٹس کے دوسرے، تاجکستان 5 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ پاکستان بغیر کسی پوائنٹ کے چوتھے اور آخری نمبر پر ہے۔

سعودی عرب کا سکواڈ

عبدالرحمن  غریب ، فراس البریکاں، سلطان الغنام، مصعب الجویر مختار علی، سالم الدوسری، متعب العربی، ریان حامد، علی لدجامی، حسن کادش اور محمد العویس سعودی فٹبال سکواڈ میں شامل ہیں۔

پاکستان کا سکواڈ

یوسف بٹ، حسیب خان، مامون موسی خان، عبداللہ اقبال، محمد فضل، عمر حیات، رئیس بنی، عمیر علی، فرید اللہ، عدیل یونس اور اوٹس خان پاکستانی فٹبال سکواڈ کا حصہ ہیں۔

شیئر: