Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 ورلڈ کپ: امریکہ کی پہلی شکست، انڈیا سُپر ایٹ مرحلے میں

انڈیا ٹی20 ورلڈ کپ کے رواں ایونٹ میں تاحال ناقابل شکست ہے (فوٹو: ای ایس پی این کرک انفو)
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے 25ویں میچ میں انڈیا نے امریکہ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر سُپر ایٹ مرحلے کے لیے کولیفائی کر لیا۔
امریکی شہر نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم میں بدھ کو کھیلے گئے میچ میں انڈیا نے 111 رنز کا ہدف 19ویں اوور کی دوسری گیند پر تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
اس سے قبل امریکہ نے انڈیا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنائے تھے۔
سوریا کمار یادو کی نصف سینچری اور شیوم دوبے کے 31 رنز نے انڈیا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
وراٹ کوہلی ایک مرتبہ پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صفر پر آؤٹ ہوئے۔
کپتان روہت شرما بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور تین رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
امریکہ کی جانب سے علی خان نے ایک اور سوربھ نیٹ ولکر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
امریکہ کی جانب سے سٹیون ٹیلر24 اور نتیش کمار 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
کورے اینڈرسن 15،ہرمیت سنگھ 10، آرون جونز 11، شیڈلی وین شالک وِک 11 جبکہ اینڈریس گوس اور جسدیپ سنگھ دو دو رنز بنا کرآؤٹ ہوئے۔

امریکہ نے پہلے کھیلتے ہوئے 110 رنز بنائے تھے (فوٹو( ای ایس پی این کرک انفو)

انڈیا کی جانب سے ارشدیپ سنگھ نے چار، ہاردک پانڈیا نے دو اور اکشر پٹیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔
انڈیا اور امریکہ رواں ایونٹ میں پہلی مرتبہ آمنے سامنے تھے۔ 
امریکہ ٹی20 ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ شرکت کر رہا ہے اور اس نے اپنے دوسرے میچ میں پاکستان کو سپر اوور میں اپ سیٹ شکست دی تھی۔
امریکہ رواں ایونٹ میں تین میچز کھیل چکا ہے جن میں سے دو میں وہ کامیاب رہا جبکہ ایک میں اسے شکست ہوئی۔
انڈیا نے اب تک جاری ایونٹ میں تین میچز کھیل چکا ہے اور تینوں میں اسے کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
اس فتح کے بعد گروپ اے میں انڈیا چھ پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ امریکہ چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔  

انڈیا کی پلیئنگ الیون

روہت شرما (کپتان)، وراٹ کوہلی، رشبھ پنت، سوریا کمار یادو، شیوم دوبے، ہاردک پانڈیا، رویندرا جدیجا، اکشر پٹیل، جسپریت بمراہ، محمد سراج اور ارشدیپ سنگھ انڈیا کی پلیئنگ الیون میں شامل تھے۔ 

امریکہ کی پلیئنگ الیون

سٹیون ٹیلر، شیہان جہانگیر، اینڈریس گوس، نتیش کمار، آرون جونز (کپتان)،  کورے اینڈرسن، ہرمیت سنگھ، شیڈلی وین شالک وِک، جسدیپ سنگھ،  سوربھ نیٹ ولکر اور علی خان امریکہ کی پلیئنگ الیون میں شامل تھے۔
 

شیئر: