ٹی20 ورلڈ کپ میں بڑا اپ سیٹ: امریکہ نے سُپر اوور میں پاکستان کو شکست دے دی
امریکہ اور پاکستان ٹی20 کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مدمقابل ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے 11ویں میچ میں پاکستان کو امریکہ نے سُپر اوور میں شکست دے دی۔
امریکہ نے سپر اوور میں پاکستان کو جیت کیلئے 19 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں پاکستان صرف 13 رنزہی بنا سکا۔
اس سے قبل امریکہ کو میچ جیتنے کے لیے آخری گیند پر 5 رنز درکار تھے۔ امریکی بیٹر نتیش کمار نے حارث رؤف کو چوکا مار کر میچ برابر کیا تھا۔
امریکہ کی اننگز
امریکہ نے 159 رنز کے تعاقب کا آغاز کیا تو پاکستانی بولرز کو مشکل میں ڈال دیا۔
پہلے پانچ اوورز تک امریکی اوپنرز موننک پٹیل اور سٹیون ٹیلر نے باہمی شراکت داری میں رنز بنائے۔
امریکہ کو پہلا نقصان سٹیون ٹیلر کی صورت میں اس وقت اٹھانا پڑا جب ٹیم کا مجموعی سکور 36 رنز تھے۔
اس کے بعد 13 ویں اوور تک پاکستانی بولرز کسی بھی بیٹر کو پویلین بھیجنے میں ناکام رہے تاہم 14 ویں اوور میں حارث رؤف نے آندریز گوس کو بولڈ کیا۔
امریکہ کی جانب سے آندریز گوس 35، موننک پٹیل 50، ایرون جونز 36 جبکہ نتیش کمار 14 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان کی اننگز
امریکہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔
کپتان بابر اعظم 44 اور شاداب 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ محمد رضوان 9، عثمان خان 3 اور فخر زمان 11 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ شاداب 40 اور اعظم خان صفر پر آؤٹ ہوئے۔
امریکہ کے خلاف پاکستانی بیٹرز مشکل میں نظر آئے تاہم پاکستان کے چھ بلے باز 125 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کے تین ٹاپ آرڈر بیٹرز پاور پلے میں 26 رنز کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوئے۔
جمعرات کو ڈیلس کے گرینڈ پرائرے سٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ ایک دوسرے کے خلاف ٹی20 میچ میں آمنے سامنے تھیں۔
پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ کھیل رہی تھی جبکہ امریکی ٹیم دوسری مرتبہ ایکشن میں نظر آئی۔
اس سے قبل ایونٹ کے پہلے میچ میں امریکہ نے کینیڈا کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔
پاکستان کا سکواڈ
بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، فخر زمان، افتخار احمد، اعظم خان، شاداب خان، عماد وسیم، حارث رؤف، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، محمد عامر، عباس آفریدی، عثمان خان، ابرار احمد۔
امریکہ کا سکواڈ
سٹیون ٹیلر، موننک پٹیل (کپتان، وکٹ کیپر)، آندریز گوس، ایرون جونز، کورے اینڈرسن، نتیش کمار، ہرمیت سنگھ، شیڈلی وین شاک ویک، جسدیپ سنگھ، علی خان، ساؤربھ نیٹراوالکر، میلیند کمار، نوستھوش کینجینگے، نیسرگ پٹیل، شایان جہانگیر۔