ٹی20 ورلڈ کپ: انڈیا کی فتح، پاکستانی بیٹنگ آرڈر انڈین بولرز کے سامنے بے بس
ٹی20 ورلڈ کپ: انڈیا کی فتح، پاکستانی بیٹنگ آرڈر انڈین بولرز کے سامنے بے بس
اتوار 9 جون 2024 16:34
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 31 رنز کے ساتھ نمایان رہے (فوٹو: ای ایس پی این کرک انفو)
ٹی20 کرکٹ ورلڈ کپ کے 19ویں میچ میں انڈیا نے روایتی حریف پاکستان کو چھ رنز سے شکست دے دی۔
اتوار کو امریکی شہر نیویارک کے ناساؤ کاؤنٹی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں 120 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز ہی بنا سکا۔
پاکستان کی ٹورنامنٹ میں یہ مسلسل دوسری شکست ہے۔
اس سے قبل انڈیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انڈیا کی پوری ٹیم 19 ویں اوور میں 119 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پاکستان نے اانڈیا کی ٹیم کو ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں آل آؤٹ کیا۔
پاکستان نے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا تو پہلے پانچ اوورز میں بابر اعظم اور محمد رضوان نے محتاط بیٹنگ کی۔
پاکستان کی پہلی وکٹ بابر اعظم کی صورت میں اس وقت گری جب ٹیم کا مجموعی سکور 26 رنز تھا۔ بابر اعظم 13 رنز بنا کر جسپریت بمراہ کی گیند پر سوریہ کمار یادو کو کیچ تھما بیٹھے۔
پاکستان کو دوسرا نقصان 57 کے مجموعی اسکور پر عثمان خان کی صورت میں اٹھانا پڑا وہ 13 رنز بناکر اکشر پٹیل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔
فخر زمان نے ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 13 رنز بنائے۔ وہ ہاردک پانڈیا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
اوپنر بیٹرمحمد رضوان نے 44 گیندوں پر 31 رنز کی اننگز کھیلی اور بمراہ کے ہاتھون کلین بولڈ ہوئے۔
شاداب خان چار جبکہ افتخار احمد پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شاہین شاہ آفریدی صفر اور نسیم شاہ 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
انڈیا کی جانب سے جسپریت بمراہ نے تین، ہاردک پانڈیا نے دو جبکہ اکشر پٹیل اور ارشدیپ سنگھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
انڈیا کی اننگز
پاکستان نے ٹاس جیت کر انڈیا کو بیٹنگ کی دعوت دی تو انڈیا نے پہلے اوور میں آٹھ رنز بنائے ہی تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔
بارش تھمنے کے بعد میچ کا دوبارہ آغاز ہوا تو وراٹ کوہلی صرف چار رنز بنا کر اننگز کے دوسرے اوور میں نسیم شاہ کی گیند پرعثمان خان کو کیچ تھما بیٹھے۔
کپتان روہت شرما بھی زیادہ دیر تک کریز پر نہ ٹہر سکے۔ انہیں شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر عثمان خان نے کیچ پکڑ کر پویلین روانہ کیا۔
اس کے بعد اکسر پٹیل 20 اور سوریا کمار یادو سات رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
انڈیا کی پانچویں وکٹ 95 رنز پرگری جب شیوم دوبے 3 رنز بناکر نسیم شاہ کا تیسرا شکار بنے۔
پاکستان کے خلاف انڈیا کی چھٹی اور ساتویں وکٹ 96 رنز پر اس وقت گریں جب محمد عامر نے یکے بعد دیگرے 2 گیندوں پر دو انڈین بیٹرز کو آؤٹ کیا۔
ریشبھ پنت 42 جبکہ رویندرا جدیجا صفر پر محمد عامر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
انڈیا کے آٹھ کھلاڑی ڈبل فیگر میں نہ داخل ہوسکے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے چار اوورز میں 21 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔
شاہین آفریدی نے چار اوورز میں 29 رنز کے بدلے 1 وکٹ حاصل کی جبکہ حارث رؤف نے تین اوورز میں 21 رنز دے کر تین وکٹیں اپنے نام کیں۔
محمد عامر نے 23 رنز کے عوض دو کھلاڑی پویلین بھیجے۔
عماد وسیم نے تین اوورز میں بغیر کوئی وکٹ حاصل کیے 17 رنز دیے جبکہ افتخار احمد نے ایک اوور کیا اور 7 رنز دیے۔
یاد رہے کہ پاکستانی وقت کے مطابق میچ کا آغاز شام سات بجے ہونا تھا تاہم نیویارک شہر میں وقفے وقفے سے جاری بارش کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان مقررہ وقت پر ٹاس نہیں ہوسکا تھا۔
اس سے قبل پاکستان کو امریکہ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی جبکہ انڈیا نے آئرلینڈ کے خلاف اپنا میچ جیت لیا تھا۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان اب تک مجموعی طور پر ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں سات میچ کھیلے جا چکے ہیں جس میں 6 مرتبہ انڈیا نے میدان مار لیا جبکہ ایک مرتبہ فتح پاکستان کے حصے میں آئی۔
میچ سے قبل پاکستانی ٹیم کے حوالے سے اچھی خبر سامنے یہ آئی ہے کہ پسلیوں کی تکلیف میں مبتلا آل راؤنڈر عماد وسیم روایتی حریف انڈیا کے خلاف میچ کے لیے فِٹ قرار دے دیے گئے ہیں۔
ٹاس کے دوران انڈین کیپٹن روہت شرما نے کہا کہ ’ہم نے یہاں کچھ میچ کھیلے ہیں، ہم نے زیادہ سے زیادہ حالات کا جائزہ لینے کی کوشش کی ہے۔ ہر کھیل بہت اہم ہوتا ہے، کچھ بھی ہو سکتا ہے۔‘
پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ’ماضی ماضی ہے، اور ہم اس میچ کے منتظر ہیں۔‘
پاکستان کی پلئنگ الیون
بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، عثمان خان، فخر زمان، شاداب خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین آفریدی، حارث رؤف، نسیم شاہ اور محمد عامر پاکستان کی پلئینگ الیون میں شامل تھے۔
انڈیا کی پلئنگ الیون
روہت شرما (کپتان)، وراٹ کوہلی، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، سوریہ کمار یادو، شیوم دوبے، ہارتک پانڈیا، رویندرا جدیجا، اکسر پٹیل، جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ اور محمد سراج انڈین پلئنگ الیون کا حصہ تھے۔