اسلام آباد .. افغانستان کے شہر جلال آباد سے پاکستانی قونصلیٹ کے2 افسران لاپتہ ہوگئے۔ دفتر خارجہ نے سفارتکاروں کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ افغان حکومت کے ساتھ اٹھایاگیاہے۔ دونوں افسران 16 جون 2017 کو براستہ سڑک پاکستان آتے ہوئے راستے میں لاپتہ ہوئے۔ بیان میں کہا گیا کہ افغان حکومت نے پاکستانی سفارتی عملے کی بازیابی کے لئے ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ پاکستان نے افغان حکومت سے درخواست کی ہے کہ لاپتہ اہلکاروں جان خان اور اعجاز خان کو بازیاب کرانے کے لئے تمام کوششیں بروئے کار لائی جائیں ۔دفتر خارجہ کے جاری بیان میں لاپتہ افسران کے بارے میںمزید معلومات فراہم نہیں کی گئیں ۔