Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ویلکم ہوم کیمی‘، سانگھڑ کی زخمی اونٹنی کو کراچی میں نیا گھر مل گیا

صوبہ سندھ کے ضلع سانگھڑ میں ٹانگ کاٹے جانے سے زخمی ہونے والی اونٹنی ’کیمی‘ کو کراچی کے شیلٹر ہوم میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
اتوار کو جانوروں کے حقوق کے ادارے سی ڈی آر ایس بینجی پروجیکٹ کراچی شیلٹر کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیوز میں زخمی اونٹنی کو منتقل کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیوز میں زخمی اونٹنی کی ٹانگ پر مرحم پٹی کی جاری ہے جبکہ تکلیف سے کراہنے والی اونٹنی ’کیمی‘ کو چارہ کھاتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
بینجی پراجیکٹ شیلٹر کی جانب سے ویڈیوز کے ساتھ لکھا گیا ہے کہ ’ویلکم ہوم، کیمی۔‘
قبل ازیں سنیچر کو ایس ایس پی سانگھڑ اعجاز شیخ نے کہا تھا کہ اونٹنی کی ٹانگ کاٹنے کے الزام میں پانچ ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان میں سے دو نے اعتراف جرم کرلیا ہے۔
اونٹنی کی ٹانگ کاٹنے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو صوبائی حکام حرکت میں آئے۔
جمعے کو سانگھڑ میں ایک وڈیرے نے کھیت میں داخل ہونے والی اونٹنی کی ٹانگ کاٹ دی تھی جس کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد صارفین نے سخت ردعمل ظاہر کیا تھا۔
سندھ کے وزیراعلیٰ نے واقعے کا نوٹس لیا تھا۔
صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے بتایا تھا کہ ملزمان اور اونٹنی کے مالک میں معاملات طے ہو گئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام ناقابل قبول ہے، اس لیے ریاست کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
دوسری جانب سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری نے بااثر وڈیرے کے ظلم کا شکار ہونے والی اونٹنی کے مالک کو دو اونٹ دینے کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کھیت میں داخل ہونے پر اونٹ کی ٹانگ کاٹ دینا انسانیت نہیں۔

شیئر: