سانگھڑ میں خاتون کی ’لاش جادُو ٹونے میں استعمال کے لیے مسخ کی گئی‘
ہفتہ 7 جنوری 2023 20:36
زین علی -اردو نیوز، کراچی
27 دسمبر کو سندھ کے علاقے سنجھورو میں کھیتوں سے بیوہ خاتون کی لاش ملی تھی (فائل فوٹو: روئٹرز)
پاکستان کے صوبہ سندھ کے ضلع سانگھڑ میں ایک بیوہ خاتون کو بے دردی سے قتل کرنے والے ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے جادو ٹونے کے لیے 45 سالہ بیوہ عورت کو قتل کیا اور اس کے جسم کے اعضا نکالے۔
ایس ایچ او سنجھورو محمد جمن کھوسو نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 27 دسمبر 2022 کو سندھ کے ضلع سانگھڑ کے تعلقہ سنجھورو کے علاقے ڈپٹی گوٹھ میں کھیتوں سے عورت کی لاش ملی تھی جسے بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔
ایس ایچ او کے مطابق ’لاش کی شناخت 45 سالہ دیا بھیل کے نام سے ہوئی تھی جس کا تعلق ہندو برادری تھا۔ مقتولہ کو تشدد کے بعد قتل کیا تھا اور جسم کے اعضاء نہ صرف جدا کر دیے گئے تھے بلکہ چہرے کی کھال اور سر کے بال بھی کاٹے گئے تھے۔‘
انہوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد پولیس کے اعلیٰ افسران نے تحقیقات کے لیے ڈی ایس پی جاوید اقبال چانڈیو کی سربراہی میں جے آئی ٹی تشکیل دی تھی۔
’کھال اور بال جادو ٹونے میں استعمال کے لیے اتارے گئے‘
پولیس ٹیم نے واقعے کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا اور کیس سے جڑے افراد سے تفتیش کا آغاز کیا۔
’مقتولہ کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا گیا، اس کے ساتھ ساتھ لاش کے قریب سے ملنے والی 17 مختلف چیزوں کا فرانزک اور علاقے کے 42 افراد کا ڈی این اے بھی کروایا گیا۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’جائے وقوعہ سے پیری اور کھوجی کتوں کی مدد سے اہم شواہد جمع کیے گئے اور 100 سے زائد افراد کو شاملِ تفتیش کیا گیا۔‘
ایس ایچ او کے مطابق ابتدائی طور ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو حراست میں لیا گیا تھا جس نے دورانِ تفتیش بتایا کہ اس نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ خاتون کا کھیت میں قتل کیا ہے۔ ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے دیگر تین افراد کو بھی حراست میں لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ’ملزم نے ساتھیوں کی مدد سے کلہاڑی اور چاقو سے قتل کرنے کے بعد بلیڈ کے ذریعے خاتون کے چہرے اور مختلف جگہ کی کھال اتاری اور سر کے بال کاٹے۔‘
پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمان نے مقتولہ کی کھال اور بال جادو ٹونے میں استعمال کے لیے اتارے تھے۔ پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر جائے وقوعہ سے واردات میں استعمال ہونے والا چاقو، بلیڈ اور کچھ بال برآمد کرلیے ہیں۔
واقعہ کب پیش آیا؟
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 27 دسمبر کو سندھ کے علاقے سنجھورو میں کھیتوں سے بیوہ خاتون کی لاش ملی تھی جس کے سر اور نازک اعضا کٹے ہوئے تھے۔ مقتولہ کی شناخت دیا بھیل کے نام سے ہوئی تھی۔
مقتولہ بیوہ خاتون پانچ بچوں کی ماں تھی۔ مقتولہ کے قتل کا مقدمہ بیٹے سومر چند کی مدعیت میں سنجھورو تھانے میں درج کروایا گیا تھا جس میں دہشت گردی اور قتل کی دفعات شامل کی گئی تھیں۔