Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ میں جنگ سے ہلاکتوں کی تعداد 37 ہزار سے تجاوز کر گئی

حماس کے عسکریت پسندوں کے گذشتہ برس اکتوبر میں اسرائیل پر حملے کے بعد شروع ہونے والی جنگ میں 85 ہزار 452 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
غزہ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اسرائیل اور فلسطینی عسکریت پسندوں کے درمیان آٹھ سے زائد مہینوں سے جاری جنگ میں 37 ہزار 372 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وزارت صحت نے منگل کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ ان ہلاکتوں میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی کم از کم 25 ہلاکتیں بھی شامل ہیں۔
حماس کے عسکریت پسندوں کے گذشتہ برس اکتوبر میں اسرائیل پر حملے کے بعد شروع ہونے والی جنگ میں بیان کے مطابق 85 ہزار 452 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب امریکی ایلچی آموس ہوچسٹین نے غزہ جنگ کے آغاز کے بعد سے لبنان کی حزب اللہ اور اسرائیلی افواج کے درمیان جاری سرحد پار فائرنگ کے تبادلے کو ’فوری طور پر‘ کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
امریکی صدر کے خصوصی ایلچی نے منگل کو بیروت کے دورے کے دوران کہا کہ ’اسرائیل اور حزب اللہ کا تنازع کافی عرصے سے جاری ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہر ایک کے مفاد میں ہے کہ یہ (تنازع) جلد از جلد سفارتی طریقے سے حل ہو، جو ممکن ہے اور اس کی فوری ضرروت ہے۔‘
ایرانی حمایت یافتہ طاقت ور مسلح گروہ حزب اللہ، جو فلسطینی عسکری تنظیم حماس کا اتحادی ہے، نے گذشتہ ہفتے اسرائیلی حملے میں اپنے ایک سینیئر کمانڈر کے ہلاک ہونے کے بعد شمالی اسرائیل پر حملوں کو تیز کر دیا ہے۔ لیکن اس نے سنیچر کی دوپہر سے اسرائیل پر کسی حملے کا دعویٰ نہیں جبکہ لبنان کے جنوبی سرحدی علاقے میں اسرائیلی حملے جاری ہیں جن میں پیر کو ایک جنگجو ہلاک بھی ہوا۔
آموس ہوچسٹین نے یروشلم میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے بات چیت کے ایک دن بعد لبنانی پارلیمنٹ کے سپیکر نبيه بری سے ملاقات کی۔
انہوں نے کہا کہ ’سپیکر بری اور میرے درمیان کافی اچھی بات چیت ہوئی۔ ہم نے لبنان کی حالیہ سکیورٹی اور سیاسی صورتحال پر بات کرنے کے ساتھ ساتھ غزہ کے حوالے سے ابھی موجود ڈیل پر بھی بات کی، جو بلیو لائن (اسرائیل اور لبنان کے درمیان حد بندی کی لکیر) کے پار تنازعات کو ختم کرنے کا موقع بھی فراہم کرتی ہے۔‘

آموس ہوچسٹین نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے بات چیت کے ایک دن بعد لبنانی پارلیمنٹ کے سپیکر نبيه بری سے ملاقات کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

امریکی صدر جو بائیڈن نے گذشتہ ماہ ایک جنگ بندی کی تجویز کا خاکہ پیش کیا تھا جس کے بارے میں ہوچسٹین نے کہا کہ ’بالآخر غزہ میں تنازع کا خاتمہ ہو جائے گا۔‘
حزب اللہ نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ اس نے آٹھ اکتوبر سے اسرائیل کے خلاف 2100 سے زیادہ فوجی کارروائیاں کی ہیں۔
اے ایف پی کے اعداد وشمار کے مطابق اسرائیل لبنان سرحدی تشدد میں لبنان کی جانب سے کم از کم 473 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان میں زیادہ تعداد جنگجوؤں کی ہے لیکن ان میں 92 شہری بھی شامل ہیں۔
اسرائیلی حکام کے مطابق ملک کے شمالی حصے میں ان کے کم از کم 15 فوجی اور 11 شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

شیئر: