Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے جنگی کابینہ تحلیل کر دی

اس بات کی توقع ہے کہ نیتن یاہو وزرا کے ایک چھوٹے گروپ سے غزہ جنگ کے بارے میں مشاورت کریں گے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ایک اسرائیلی عہدے دار نے پیر کو کہا ہے کہ وزیراعظم بنیامین نیتن ہایو نے اپنی چھ ارکان پر مشتمل جنگی کابینہ تحلیل کر دی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ ایسا فیصلہ ہے جو جنرل بینی گینٹز کے کابینہ چھوڑ جانے کے بعد متوقع تھا۔
اب اس بات کی توقع ہے کہ نیتن یاہو وزیر دفاع یوو گیلنٹ اور سٹریٹجک امور کے وزیر رون ڈرمر، جو جنگی کابینہ میں رہ چکے ہیں، سمیت وزرا کے ایک چھوٹے گروپ سے غزہ جنگ کے بارے میں مشاورت کریں گے۔
اسرائیلی وزیراعظم سے اتحادی حکومت میں شامل قوم پرست مذہبی شراکت داروں کا مطالبہ تھا کہ وزیر خزانہ بتسلئيل سموتريش اور قومی سلامتی کے وزیر ايتمار بن جفير کو جنگی کابینہ میں شامل کیا جائے۔ لیکن یہ ایک ایسا اقدام ہے جس سے امریکہ سمیت بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تناؤ مزید بڑھ جائے گا۔
بینی گینٹز کے گذشتہ برس اکتوبر میں جنگ کے آغاز کے بعد نیتن یاہو کی قومی اتحاد حکومت میں شمولیت کے بعد جنگی کابینہ تشکیل دی گئی تھی۔ اس میں ان کے شراکت دار غادی آيزنكوت اور مذہبی جماعت شاس کے سربراہ ارييه درعی کو بھی بطور مبصرین شامل کیا گیا تھا۔
تاہم گینٹز اور آيزنكوت نے گذشتہ ہفتے یہ کہتے ہوئے حکومت سے نکل گئے تھے کہ نیتن یاہو غزہ جنگ کے حوالے سے کوئی حکمت عملی تشکیل دینے میں ناکام رہے ہیں۔

شیئر: