Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منیٰ کی خیمہ بستی خالی، حجاج طواف وداع کرنے مسجد الحرام پہنچ گئے

مشاعر مقدسہ کی بڑے پیمانے پرصفائی کا کام شروع کردیاگیا(فوٹو، ایس پی اے)
حج 2024 کے مناسک کی ادائیگی کے بعد منیٰ کی عارضی خیمہ بستی تقریباً خالی ہوچکی ہے۔ بیشتر حجاج مکہ مکرمہ میں پہنچ چکے ہیں۔ بہت کم تعداد میں حجاج اس وقت منیٰ میں مقیم ہیں جو آج سورج غروب ہونے سے قبل منیٰ کی حدود سے نکل جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر سے آنے والے حجاج کرام اس وقت مکہ مکرمہ میں مقیم ہیں جن کی وجہ سے شہر مقدس کی رونقیں دوبالا ہو گئی ہیں۔
طواف الوداع کرنے کے بعد حجاج کی واپسی کا پروگرام شروع کر دیا جائےگا
 وہ حجاج جو حج سے قبل براہ راست جدہ اور یہاں سے مکہ مکرمہ آئے تھے انہیں مدینہ منورہ لے جایا جائے گا جہاں وہ چند روز قیام کے بعد اپنے ملکوں کو روانہ ہوجائیں گے۔
قبل از حج براہ راست مدینہ منورہ آنے والے حجاج مرحلہ وار اپنے شیڈول کے مطابق مملکت سے روانہ ہوں گے۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

حجاج کی واپسی کے مرحلے کا آغاز کردیا گیا ہوائی اڈوں پر تیاریاں مکمل (فوٹو ، ایس پی اے)

حجاج کی منیٰ سے مکہ مکرمہ منتقلی کے بعد انتظامیہ کے مختلف ادارے بڑے پیمانے پر مشاعر مقدسہ کی صفائی کے کاموں میں مصروف ہیں۔
ڈرمز میں کمپریس کیے گئے کچرے کو نکال کر انہیں مخصوص مقامات پر لے جایا جا رہا ہے جہاں اسے سائنسی طریقے سے تلف کیا جائے گا۔
مناسک حج کی ادائیگی کے حوالے سے بیشترحجاج کا کہنا تھا کہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا اگرچہ موسم انتہائی گرم تھا تاہم اس کے باوجود بہتر طریقے سے مناسک ادا کیے۔

شیئر: