Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج 2024 کا آخری مرحلہ بخیر وخوبی مکمل، حجاج مکہ مکرمہ روانہ

بہت کم تعداد میں حجاج تیسرے دن بھی منیٰ میں قیام کریں گے (فوٹو: ایس پی اے)
حج 2024 کے آخری دن لاکھوں حجاج کرام نے ایام تشریق کے دوسرے دن کی رمی بخیر وخوبی مکمل کر لی اور 12 ذوالحجہ کا سورج غروب ہونے سے قبل وادی منیٰ کی حدود سے نکل کر مکہ مکرمہ کے لیے روانہ ہو گئے۔
حجاج کی روانگی کے ساتھ ہی وادی منیٰ کی عارضی خیمہ بستی تقریبا خالی ہو گئی۔ 20 فیصد سے بھی کم حجاج ایام تشریق کے تیسرے دن بھی منی میں قیام کریں گے۔
تیسرے دن رکنے والے حجاج 13 ذوالحجہ کو بھی تینوں شیطانوں کو کنکریاں مار کرغروب آفتاب سے قبل منیٰ سے رخصت ہو جائیں گے۔
لاکھوں حجاج کرام کے منی سے مکہ مکرمہ روانگی کے وقت ٹریفک پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کی جانب سے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی جس کا مقصد حجاج کو بروقت منیٰ کی حدود سے نکالنا اور انہیں مکہ مکرمہ میں داخل کرنا تھا۔

ٹریفک پولیس نے حجاج کو مکہ منتقل کرنے کے لیے جامع پروگرام مرتب کیا (فوٹو: اردو نیوز)

مکہ مکرمہ کی بیشتر سڑکوں کو عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا جاتا ہے۔ منیٰ سے مکہ مکرمہ آنے والے راستوں پر صرف حجاج کی بسوں کو ہی آنے کی اجازت ہوتی ہے۔
وہ حجاج جن کی مکہ مکرمہ میں عارضی رہائش زیادہ دور نہیں، وہ پیدل ہی مکہ مکرمہ پہنچ گئے تاکہ ٹریفک ازدحام سے بچ سکیں۔ مکہ مکرمہ میں جگہ جگہ ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیے اضافی ٹریفک پولیس کی ٹیمیں موجود ہیں۔

حجاج  پیدل اور بسوں کے ذریعے منی سے روانہ ہوئے (فوٹو: ایس پی اے)

مکہ مکرمہ میں دو دن قیام کرنے کے بعد وہ حجاج جو قبل از حج مدینہ منورہ آئے تھے، ان کی واپسی جدہ حج ٹرمنل سے شروع ہو جائے گی جبکہ مدینہ منورہ حج سے قبل نہ جانے والے حجاج کو وہاں لے جایا جائے گا۔ یہاں وہ چند روز قیام کرنے کے بعد وہاں سے ہی وطن روانہ ہوں گے۔

شیئر: