Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج 2024 کا آخری مرحلہ: حجاج آج کی رمی کے بعد منیٰ کو الوداع کہہ دیں گے

بہت کم تعداد میں حجاج تیسرے دن بھی منی میں قیام کریں گے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
 حج 2024 کے ایام تشریق کی دوسری اور آخری رمی آج کی جائے گی جس کے ساتھ ہی وادی منی کی عارضی خیمہ بستی آگلے برس تک کے لیے خالی ہوجائے گی۔
 بہت کم حجاج تیسرے دن بھی منیٰ میں رہ جائیں گے جو چوتھی رمی کرنے کے بعد غروب آفتاب سے قبل منیٰ کو الوداع کہہ دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق مناسک حج کا آخری مرحلہ جمرات پر تینوں شیطانوں کو کنکریاں مارنے کا ہوتا ہے۔ حجاج کرام پہلے دن یعنی 10 ذوالحجہ کو ’جمرہ عقبہ‘ پر سات کنکریاں مارتے ہیں۔
یوم النحر یعنی 10 ذوالحجہ کے بعد ایام تشریق شروع ہوتے ہیں جس کے تین دن ہوتے ہیں۔ ایام تشریق کے پہلے دن یعنی 11 ذوالحجہ کو حجاج تینوں شیطانوں کو کنکریاں مارتے ہیں یہ عمل دوسرے دن بھی جاری رہتا ہے۔
تاہم وہ کام جو حجاج کو جلدی کرنا چاہیے ان کے لیے لازمی ہے کہ وہ ایام تشریق کے دوسرے دن کی رمی کرنے کے بعد غروب آفتاب سے قبل منیٰ کی حدود سے نکل جائیں۔

وادی منیٰ کی خیمہ بستی آج آئندہ برس تک کے لیے خالی ہوجائے گی۔ (فوٹو: ایس پی اے)

ایسے  حجاج جو غروب آفتاب تک منی کی حدود سے نہ نکلیں تو ان کے لیے لازمی ہوتا ہے کہ وہ ایام تشریق کے تیسرے دن یعنی 13 ذوالحجہ کو بھی منیٰ میں قیام کریں اور تیسرے دن کی رمی بھی مکمل کرنے کے بعد غروب آفتاب سے قبل منیٰ کی حدود سے نکل جائیں۔
مناسک حج کی آخری منزل تیسرے دن کی رمی ہے جس کے بعد حجاج کرام بیت اللہ کا طواف ’الوداع ‘ کر اپنے ملکوں کو روانہ ہو جاتے ہیں۔

شیئر: