Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزارت حج کی اختتامی تقریب، عمرہ سیزن کے لیے تیاریاں شروع

آئندہ حج کے لیے ’مسار نسک‘ پورٹل لانچ کیا گیا (فوٹو، ایس پی اے)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے ’ضیوف الرحمان پروگرام‘ کے تعاون سے حج 2024 کے حوالے سے مکہ مکرمہ میں سالانہ اختتامی تقریب کا انعقاد کیا۔
تقریب کا انتظام وزارت حج و عمرہ کے مرکزی ادارے میں کیا گیا جس میں حجاج کو بہترین خدمات فراہم کرنے والوں کو اعزازات سے بھی نوازا گیا جبکہ آئندہ حج 2025 کے لیے تیاریوں کے آغاز کا بھی اعلان کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق حج اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرحج وعمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے کہا کہ ’رب تعالٰی کے فضل و کرم سے مناسک حج 1455 ہجری کامیابی سے مکمل ہوگئے، اس کے ساتھ ہی 14 ذوالحجہ سے عمرہ سیزن  کے لیے تیاریوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔‘
وزیر حج و عمرہ نے حج 1445 ہجری بمطابق 2025 کے لیے ’نسک مسار پورٹل‘ بھی لانچ کرنے کا اعلان کیا۔ پورٹل کو لانچ کرنے کا مقصد موجودہ حج سیزن کے تجربے کو سامنے رکھتے ہوئے آئندہ برس حج کے لیے عازمین کو مزید بہتر خدمات کی فراہمی کا لائحہ عمل مرتب کرنا ہے۔
وزیر حج نے اپنے خطاب میں مزید کہا موجودہ حج سیزن کی کامیابی میں تمام اداروں کی مشترکہ کاوشیں شامل ہیں جن کا مقصد ’ضیوف الرحمان‘ کی خدمت ہے اسی جذبے کے تحت کام کرتے ہوئے آئندہ برس بھی بہترین خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
ڈاکٹر الربیعہ نے آئندہ برس 1446 ہجری کے لیے  حج امور کے حوالے سے انتظامات کرنے والے اداروں کو انتظامی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا بھی اعلان کیا۔
آئندہ برس کے لیے ہر ملک کے لیے مخصوص کوٹےکو مقرر کرنے کے حوالے سے بھی غور کیا گیا جبکہ حج امور کے نگران اداروں کو یہ اختیار دیا گیا کہ وہ حج خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ بہتر خدمات کی فراہمی  کے لیے 3 سال کے لیے معاہدہ کریں تاکہ آئندہ برس کے لیے عازمین حج کو مشاعر مقدسہ میں فراہم کیے جانے والے خیموں کا تعین اور کیٹرنگ سروسز وغیرہ کے حوالے سے ایگریمنٹ کرسکیں۔

بہترین خدمات پر متعدد ممالک کے حج اداروں کو اعزازات سے نوازا گیا(فوٹو، ایس پی اے)

تقریب کے اختتام پر موجودہ حج کے حوالے سے بہترین طریقے سے خدمات انجام دینے پر متعدد ممالک کے حج اداروں کو ’لبیتم‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔
’حج امور ٹریک‘ کے عنوان سے پہلا ایوارڈ جمہوریہ عراق کے حج ادارے کو دیا گیا جبکہ دوسرا ایوارڈ جو کہ وزارت حج کی تعلیمات پرمکمل طور پر عمل کرنے کا ایوارڈ جمہوریہ ترکیہ ، جمہوریہ چین اور جنوبی افریقہ کے ادروں کو دیا گیا۔
فراہم کی جانے والی خدمات سے مستفید ہونے والوں کی رضا مندی کا ایوارڈ برائے حج 1445 ہجری کے لیے تین ممالک کو حقدار قرار دیا گیا جن میں ملائیشا، اردن اور جمہوریہ بینن شامل ہیں جبکہ حج سے قبل ویزے کے امور کو وقت مقررہ پر مکمل کرنے پر الجزائر، تیونس اور جمہوریہ کوموروس کو دیا گیا۔   

شیئر: