Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حجاج کے ساتھ جعلسازی، 16 مصری سیاحتی کمپنیوں کے لائسنس معطل

مزید تحقیقات کے لیے ذمہ داروں کو ادارہ پراسیکیوشن کے حوالے کیا گیا ( فوٹو: اخبار24)
مصری وزرا کونسل نے حجاج کے ساتھ جعلسازی کے الزام میں 16 سیاحتی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے لائسنس معطل کردیے۔
ذمہ داروں سے مزید تحقیقات کے لیے انہیں ادارہ پراسیکیوشن کے حوالے کیا گیا ہے۔
اخبار 24 نے مصری ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا مصری وزیر اعظم مصطبی مدبولی کی سربراہی میں کمیٹی نے اپنی سفارشات میں کہا کہ’ ان کمپنیوں اور اداروں کے خلاف فوری فیصلے صادر کیے جائیں‘۔
’ان کمپنیوں نے حجاج سے دھوکے بازی کی اورانہیں غیرحج کے لیے غیرقانونی طریقے سے لے گئے‘۔
کمیٹی نے اپنی سفارشات میں مزید کہا ’ اس قسم کی دھوکے بازی کے مکمل سد باب کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں کوئی اور ایسا کرنے کا سوچ بھی نہ سکے‘۔
کمیٹی کا مزید کہنا تھا ’ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ 16 سیاحتی کمپنیاں ہیں جنہیں نے غیرقانونی حجاج کو سفری سہولت فراہم کرنے کا وعدہ کیا اور انہیں حج کے حوالے سے کسی قسم کی خدمات فراہم نہ کی گئیں۔
ان کمپنیوں کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے ان پر جرمانے عائد کرنے کا بھی کہا گیا ہے جبکہ مرنے والوں کے لواحقین کو معاوضہ بھی ادا کرایا جائے۔
مصری وزیر اعظم کا کہنا تھا ’حج مشن کے ساتھ رابطہ ہے اور اعلی سطح پر کام کررہے ہیں۔ اب تک حج مشن کے ذریعے فریضہ پر جانے والے حجاج میں 31 حجاج کی طبعی موت کی تصدیق ہوئی ہے، وہ کافی بیمار تھے‘۔
علاوہ ازیں مصری وزیر خارجہ سامح شکری کا کہنا تھا ’سانحہ میں جن حجاج کی ہلاکتیں ہوئی ہیں ان میں سے بیشتر غیرقانونی تھے جنہیں سیاحتی کمپنیوں کی جانب سے کسی قسم کی سروسز فراہم نہیں گئیں‘۔

شیئر: