Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہجرت کر کے آنے والے پرندے ماحولیاتی توازن کے لیے اہم ہیں‘

نقل مکانی کرکے آنے والے پرندے پودوں کی افزائش میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ فوٹو واس
سعودی عرب کے شمالی سرحدی علاقے کو نقل مکانی کے راستے کے طور پر ہر سال تقریباً 300 اقسام کے پرندے استعمال کرتے ہیں۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ہجرت کرنے والے ان پرندوں کے لیےعلاقے کا متوازن ماحولیاتی نظام قدرتی پناہ گاہیں بناتا ہے۔
مملکت کے شمالی سرحدی علاقے میں امن ماحولیاتی سوسائٹی کے صدر ناصر المجلد نے ہجرت کرنے والے پرندوں کے اہم ماحولیاتی اور ثقافتی خصوصیات پر روشنی ڈالی ہے۔
ناصر المجلد نے بتایا ہے کہ ہجرت کرکے آنے والے پرندے علاقے میں پودوں کی افزائش میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، پودوں کے لیے نقصان دے کیڑے مکوڑوں کا خاتمہ کرنے میں مدد کرتے  ہیں اور زراعت کے لیے نقصان دہ کیڑوں کو مارنے والی ادویات کی ضرورت کو بھی کم کرتے ہیں۔
ناصر المجلد نے علاقے کے ماحولیاتی توازن پر ان مہاجر پرندوں کے مثبت اثرات پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ پرندے یہاں موجود پانی کے ذخائر کے قریب مختلف اقسام کے بیج پھیلانے میں مدد کرتے ہیں۔

مہاجر پرندے  پانی کے ذخائر کے قریب بیج پھیلانے میں مدد کرتے ہیں۔ فوٹو واس

ماحولیاتی سوسائٹی کے صدر نے ہجرت کرنے والے پرندوں کو غیر قانونی شکار اور ماحولیاتی مسائل سے بچانے کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے بتایا کہ مملکت کے قومی مرکز برائے جنگلی حیات نے غیر قانونی شکار کے خلاف سخت قانون سازی کی ہے۔
ناصر المجلد نے بتایا کہ ہماری سوسائٹی نے ہجرت کرنے والے پرندوں کی مدد اور تحفظ فراہم کرنے  کے علاوہ پانی کے تالاب بنائے ہیں اور آگہی مہم کا آغاز کیا ہے۔
 

شیئر: