Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج کے دوران حجاج کو تقریباً 13 لاکھ طبی خدمات فراہم کی گئیں: وزیر صحت فہد الجلاجل

حجاج کی مجموعی صحت کی صورتحال کے بارے میں اطمینان کا اظہار کیا۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے وزیر صحت فہد الجلاجل نے کہا ہے کہ حج 2024 کے دوران حجاج کو مملکت آمد سے اب تک تقریباً 13 لاکھ طبی خدمات فراہم کی گئیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزیر صحت فہد الجلاجل نے حج سیزن 2024 کے دوران صحت انتظام کی کوششوں کی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ کامیابی صحت کے نظام اور حج سکیورٹی فورسز کی مربوط کوششوں سے ممکن ہوئی ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’صحت کے نظام کے تحت چار لاکھ 65 ہزار سے زیادہ حجاج کو خصوصی علاج کی خدمات فراہم کیں جن میں ایک لاکھ 41 ہزار افراد ایسے تھے جو بغیر پرمٹ حج کر رہے تھے۔‘
ایک انٹرویو میں فہد الجلاجل نے مقدس مقامات پر شدید گرمی کے باوجود حجاج کی مجموعی صحت کی صورتحال کے بارے میں اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیر صحت نے وزارت صحت کے حکام کی جانب سے فوری اقدامات کے مثبت اثرات اور گرمی کی شدت کو منظم انداز میں کم کرنے میں حج سکیورٹی فورسز کی موثر کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ ’سعودی نظام صحت نے اس سال گرمی سے متاثر ہونے والے افراد کی بڑی تعداد کی دیکھ بھال کی جن میں کچھ ابھی تک زیرعلاج ہیں۔‘
وزیر صحت نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اس سال حج 2024 میں ایک ہزار 301 اموات ہوئی ہیں۔ ان میں 83 فیصد وہ افراد شامل ہیں جو بغیر پرمٹ کے حج کر رہے تھے، انہوں نے بغیر کسی مناسب شیلٹر اور آرام کے براہ راست سورج کی روشنی میں طویل فاصلہ پیدل طے کیا۔‘

وزیر صحت نے کہا کہ کامیابی صحت کے نظام اور حج  فورسز کی کوششوں سے ممکن ہوئی ہے (فوٹو: ایس پی اے)

وزیر صحت نے گرمی کی شدت کے خطرات اور احتیاطی تدابیر کی اہمیت کے بارے میں آگاہی کے لیے حکام کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کی بھی نشاندہی کی۔
انہوں نے مناسک کے دوران جان سے جانے والوں کے خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے افسوس کا اظہار بھی کیا۔
ابتدائی طور پر ذاتی معلومات یا شناختی دستاویزات کی کمی کے باوجود تمام رپورٹس مرتب کر لی گئی ہیں، جان سے جانے والوں کے اہل خانہ کو مطلع کیا گیا ہے اور شناخت مکمل کر لی گئی ہے جبکہ جان سے جانے والے افراد کی شناخت اور تدفین کے لیے مناسب طریقہ کار اپنایا گیا اور ڈیتھ سرٹفیکیٹ فراہم کیے گئے۔
وزیر صحت نے کہا کہ ’مملکت کی جانب سے عازمین حج کو مفت طبی خدمات کی فراہمی ان کی آمد سے قبل ہی شروع ہو گئی تھی اور فضائی، سمندری اور زمینی سرحدی گزرگاہوں پر آگاہی کے پروگرام شروع کر دیے گئے تھے۔‘

 چار لاکھ 65 ہزار سے زیادہ حجاج کو خصوصی علاج کی خدمات فراہم کیں (فوٹو: ایس پی اے)

وزیر صحت فہد الجلاجل نے کہا ’حجاج کو فراہم کی جانے والی صحت خدمات میں اوپن ہارٹ سرجری، کارڈیک کیتھیٹرائزیشن، ڈائیلائسز سیشن اور 30 ہزار سے زیادہ ہنگامی ایمبولینس کی خدمات شامل ہیں۔‘
95 ایئر ایمبولینس آپریشنز مختلف شہروں میں صحت کی جدید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے موجود رہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ صحت نے 6500 بستر اور کمرے فراہم کیے۔ گرمی کی شدت کا مقابلہ کرنے کے لیے ایسے آلات بھی فراہم کیے جو متاثرہ افراد کو فوری اور مؤثر طریقے سے بچانے کے لیے تھے۔

شیئر: