حج ضوابط کی خلاف ورزی، 102 افراد کو غیر قانونی طور پر مکہ لے جانے کی کوشش
مزید 26 افراد کو گرفتار کیا گیا، قید اور جرمانے کی سزا دی گئی ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے ’حج سکیورٹی فورس نے حج ضوابط کی خلاف ورزی پر مزید 26 افراد کو گرفتار کیا ہے، ان میں7 غیرملکی اور 19 سعودی شامل ہیں‘۔
ایس پی اے کے مطابق زیر حراست افراد گزشتہ روز 102 افراد کو غیرقانونی طریقے سے مکہ مکرمہ لے جانے کی کوشش کر رہے تھے۔
محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کی سیزنل تحقیقاتی کمیٹی نے ان کے خلاف انتظامی فیصلے جاری کیے۔ ہر ایک کیریئر کو( پرمٹ کے بغیر) مکہ لے جانے پر 15 دن کی قید اور فی کس 10 ہزار ریال جرمانہ کی سزا دی گئی۔
گرفتارغیرملکیوں کو سزا مکمل کرنے کے بعد مملکت سے بے دخل کیا جائے گا جبکہ ٹرانسپورٹ کے لیے استعمال ہونے والی پانچ گاڑی بھی ضبط کی گئی ہیں۔
وزارت داخلہ نے تمام شہریوں اور غیر ملکیوں سے حج ضوابط کی پابندی کرنے کا پھر مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ حج ضوابط کا مقصد غیرقانونی طورپر حج کے لیے جانے والوں کو روکنا ہے تاکہ بیرون مملکت سے اور قانونی طورپر حج کرنے والوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ حج کے مناسک آرام سے ادا کرسکیں۔