Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان پر آئی پی ایل معاہدوں کے لیے انڈیا سے ہارنے کا الزام، ایشون کا جواب

افغانستان نے پہلی مرتبہ کسی بھی کرکٹ میچ میں آسٹریلیا کو شکست دی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
افغانستان کرکٹ ٹیم نے ٹی20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کو پہلی مرتبہ شکست دے کر تاریخ رقم کر دی ہے۔ 
امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ ایٹ مرحلے کے اہم میچ میں افغانستان نے آسٹریلیا کو 21 رنز سے ہرایا۔ 
اتوار کو سینٹ ونسینٹ میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کی جانب سے دیے گئے 149 کے ہدف کے جواب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 19.2 اوورز میں 127 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔ 
افغانستان نے سُپر ایٹ مرحلے کا اہم ترین میچ جیت کر سیمی فائنل میں اپنی رسائی کی امید روشن کر دی ہے جس کے بعد سوشل میڈیا پر افغان کھلاڑیوں کو کافی پذیرائی مل رہی ہے۔
جہاں کرکٹ شائقین افغانستان کی جیت پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں وہیں کچھ شائقین نے ٹیم پر طرح طرح کے الزامات بھی عائد کیے ہیں۔ 
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر وجاہت کاظمی نامی صارف نے اپنی پوسٹ میں الزام عائد کیا کہ افغانستان ٹیم انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) معاہدوں کے لیے انڈیا کے خلاف جان بوجھ کر ہارتی ہے۔
اپنی پوسٹ میں وجاہت نے لکھا ’افغانستان دنیا میں کسی بھی کرکٹ ٹیم کو ہرا سکتا ہے سوائے انڈیا کے، اور اس کی وجہ واضح ہے، آئی پی ایل کے معاہدے بہت قیمتی ہیں۔‘
یہ پوسٹ سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل ہوتے ہی اتنی وائرل ہوئی کہ انڈین کرکٹر رویچندرن اشون بھی اس کا جواب دیے بغیر نہ رہ سکے۔ 

اشون نے پوسٹ کے جواب میں ایکس پلیٹ فارم کے بانی ایلون مسک کو مینشن کرتے ہوئے لکھا ’میں آپ کو یہ نہیں بتا سکتا کہ کیا کرنا ہے لیکن مجھے یہ فیصلہ کرنے کا حق ہونا چاہیے کہ کون میرے گھر میں داخل ہو سکتا ہے۔ میری ٹائم لائن میری مرضی۔‘ 
کسی سوشل میڈیا صارف نے جب اشون کو ایسے لوگوں کو بلاک کرنے کا مشورہ دیا تو انڈین کرکٹر نے کہا ’یہ میرا کام نہیں ہے کہ میں روز لوگوں کو بلاک کرتا رہوں، مجھے پتا ہے کن لوگوں کو فالو کرنا ہے۔‘

واضح رہے افغانستان اس ٹی20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا سے قبل  نیوزی لینڈ کو بھی شکست دے چکا ہے۔ افغانستان کا اگلا مقابلہ ٹورنامنٹ کے سُپر 8 میں بنگلہ دیش سے ہوگا۔
 

شیئر: