Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ میں اسرائیلی کارروائیاں فوری روکنے کی ضرورت ہے: سعودی نائب وزیر خارجہ

سعودی نائب وزیر خارجہ نے ایشین کوآپریشن ڈائیلاگ فورم سے خطاب کیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی نیابت کرتے ہوئے نائب وزیر خارجہ انجینئرولید بن عبدالکریم الخریجی نے ایران کی میزبانی میں ایشین کوآپریشن ڈائیلاگ فورم کے 19 ویں  وزارتی اجلاس میں شرکت کی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق فورم سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیر نے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں اور ہم آہنگی میں اضافے کی اہمیت پرزور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ’موجودہ حالات میں بڑھتے ہوئے تنازعات اور خوراک و توانائی کے تحفظ و دیگر چیلنجز کا سامنا ہے جنہیں حل کرنے کےلیے مشترکہ کوششوں کو فروغ دینا اہم ہے‘۔
سعودی نائب وزیر خارجہ نے مزید کہا ’غزہ میں جاری اسرائیلی عسکری کارروائیاں ہمارے سامنے ہیں جن کے نتیجے میں رونما ہونے والے المناک حالات سے سب واقف ہیں۔ ان کارروائیوں سے علاقائی سلامتی کو بھی خطرہ لاحق ہے‘۔
’مملکت کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ فلسطینیوں کو ان کا جائز حق ہر صورت دیا جائے‘۔
انہوں نے فوری طورپرجنگ بندی کی اہمیت پرزور دیتے ہوئے کہا’ موجودہ حالات میں یہ ضروری ہے کہ اسرائیلی فوجی کارروائیاں فوری طور پر بند کی جائیں اور متاثرین کی بحالی کے لیے امدادی کاموں کو تیز کیا جائے تاکہ فلسطینی مسئلے کے جائز حل تک پہنچا جاسکے‘۔
انہوں نے اس بات پربھی زوردیا کہ مملکت کے پیش نظر موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے درپیش چیلنجز بھی ہیں۔
ان کا کہنا تھا ’اس حوالےسے عالمی سطح پر تعاون کو فروغ دیا جارہا ہے تاکہ درپیش چیلنجز کا مل کر مقابلہ کیا جائے تاکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے رونما ہونے والے اثرات کو کم سے کم کیا جاسکے‘۔

شیئر: