ٹی20 ورلڈ کپ: افغانستان پہلی بار سیمی فائنل میں
امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے آخری میچ میں افغانستان نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ پر بنگلہ دیش کو 8 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
منگل کو سینٹ ونسینٹ میں کھیلے گئے بارش سے متاثرہ میچ میں ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت افغانستان کی جانب سے دیے گئے 19 اوورز میں 114 رنز کے تعاقب میں پوری بنگلہ دیشی ٹیم 17.5 اوورز میں 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے لٹن داس نے 54، توحید ہری دوئے نے 14 اور سومیا سرکار نے 10 رنز بنائے۔
افغانستان کی طرف سے نوین الحق اور راشد خان نے چار چار وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 115 رنز بنائے۔
افغانستان کی جانب سے رحمان اللہ گُرباز نے 43، راشد خان نے 19 اور ابراہیم زدران نے 18 بنائے۔
بنگلہ دیش کی طرف سے رِشاد حسین نے تین جبکہ تسکین احمد اور مستفیض الرحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس میچ میں افغانستان کی فتح کے بعد آسٹریلیا کی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے۔
خیال رہے ٹی20 ورلڈ کپ میں پہلا سیمی فائنل 27 جون کو افغانستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو میں کھیلا جائے گا۔
ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل بھی 27 جون کو گیانا میں انگلینڈ اور انڈیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔