Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان پہلی بار سیمی فائنل میں، ’پاکستانی ٹیم کو ان سے کچھ سیکھنا چاہیے‘

اس ٹی20 ورلڈ کپ میں افغان ٹیم کی غیر معمولی کارکردگی رہی ہے (فوٹو: گیٹی امیجز)
امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے آخری میچ افغانستان نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت بنگلہ دیش کو 8 رنز سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ 
منگل کو سینٹ ونسیںٹ میں کھیلے گئے بارش سے متاثرہ میچ میں ڈک ورتھ لوئس کے تحت افغانستان کی جانب سے دیے گئے 19 اوورز میں 114 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری بنگلہ دیشی ٹیم 17.5 اوورز میں 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
اس میچ میں جیت کے بعد افغانستان نے پہلی مرتبہ کسی بھی آئی سی سی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔
افغانستان نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر آسٹریلیا کو بھی ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔
اس ٹی20 ورلڈ کپ میں افغان ٹیم کی غیر معمولی کارکردگی رہی ہے۔
افغانستان نے گروپ مرحلے میں نیوزی لینڈ کو بڑی شکست دی اور پھر سپر ایٹ مرحلے میں آسٹریلیا کو بھی ہرایا۔
افغان ٹیم کی ٹی20 ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر بھی کرکٹ حلقے تعریف کر رہے ہیں۔
ایکس صارف مفدل ووہرہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’اپنے آپ پر فخر کرو افغانستان۔ آپ نے آج تاریخ رقم کر دی ہے۔‘
 
ایکس ہینڈل دی سنیپرزم نے اپنی پوسٹ میں تبصرہ کیا کہ ’یاد رکھیں امید ایک اچھی چیز ہے، شاید سب سے اچھی چیز ہے اور کوئی بھی اچھی چیز کبھی نہیں مرتی۔ افغانستان مبارک ہو۔‘
 
صحافی عثمان سمیع الدین نے تبصرہ کیا کہ ’میری آنکھ میں آنسو کا قطرہ پوری ٹیم کے لیے ہے لیکن سب سے زیادہ محمد نبی کے لیے۔ یہ بندہ ٹیم کے ساتھ ہر دور میں جُڑا رہا ہے۔‘
 
افغان کرکٹر نجیب زدران نے کرکٹ آسٹریلیا اور پیٹ کمنز پر تنقید کرتے ہوئے طنزیہ پوسٹ کی کہ ’سوال: سیمی فائنل میں جانے والی چار ٹیمیں کون سی ہوں گی؟ جواب: ایک تو آسٹریلیا، باقی تینوں کا آپ فیصلہ کر لیں۔‘
 
ایکس ہینڈل فرضی کرکٹر نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے پر افغانستان کو مبارک ہو۔ یہ قوم کرکٹ کی خوشیوں پر زندہ رہ رہی ہے۔ یہ صرف کرکٹ ہی نہیں بلکہ کھیلوں کی دنیا کا تاریخی لمحہ ہے۔‘
 
سعد قیصر نے میچ کے دوران گلبدین نائب کو بارش ہوتے ہی اچانک سے ہونے والی انجری پر تبصرہ کیا کہ ’افغان ٹیم اپنا دماغ 100 فیصد استعمال کر رہی ہے۔ پاکستانی ٹیم کو اِن سے کچھ سیکھنا چاہیے۔‘
 
ذوہیب آفریدی نے کرکٹ آسٹریلیا کی پوسٹ کا سکرین شاٹ لگا کر لکھا کہ ’کسی نے سچ کہا تھا کہ مشکل وقت کسی پر بھی آ سکتا ہے لہذا اگر کوئی مشکل میں ہو تو ہمیں اس کا مذاق نہیں اڑانا چاہیے۔ اس کی مثال نیچے دی گئی اس تصویر میں دیکھیں۔‘
 
فرید خان نے گلبدین نائب کی انجری پر تبصرہ کیا کہ ’گلبدین نائب دنیا کے پہلے کرکٹر ہیں جو مرنے کے بعد اُسی میچ دوبارہ سے زندہ ہو کر واپس آگئے۔‘
خیال رہے ٹی20 ورلڈ کپ میں پہلا سیمی فائنل 27 جون کو افغانستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو میں کھیلا جائے گا۔
ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل بھی 27 جون کو گیانا میں انگلینڈ اور انڈیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

شیئر: