Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 ورلڈ کپ: انڈیا نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا

روہت شرما ٹی20 کرکٹ میں 200 سے زائد چھکے لگانے والے واحد کھلاڑی بن گئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
ٹی20 ورلڈ کپ سُپر ایٹ مرحلے کے 11ویں میچ میں انڈیا نے آسٹریلیا کو 24 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ 
پیر کو سینٹ لوشیا کے ڈیرن سیمی نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر انڈیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
انڈین ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز سکور کیے جسے آسٹریلیا کی ٹیم چیز کرنے میں ناکام رہی۔ 

آسٹریلیا کی اننگز:

انڈیا کی جانب سے 206 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا نے اپنی اننگز کا آغاز ٹریوس ہیڈ اور ڈیوڈ وارنر کو بطور اوپنرز بھیج کر کیا۔ 
آسٹریلیا کا بڑے ہدف کو چیز کرنے کا بہتر آغاز نہ ہوسکا، پہلے اوور میں اوپنر ڈیوڈ وارنر 6 بالز پر 6 سکور بنا کر ارشدیپ سنگھ کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد آسٹریلوی ٹیم کے کپتان میچل مارش بیٹنگ کے لیے آئے۔ 
پہلی وکٹ کھونے کے بعد میچل مارش اور ٹریوس ہیڈ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 87 رنز تک پہنچایا جب 8ویں اوور کی آخری بال پر میچل مارش 28 بالز پر 37 سکور بنا کر کلدیپ یادو کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 
میچل مارش کے بعد گلین میکسویل ٹریوس ہیڈ کا کریز پر ساتھ دینے کے لیے میدان میں اترے اور 13ویں اوور میں 12 بالز پر 19 سکور بنا کر کلدیپ یادو کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔ 
گلین میکسویل کے بعد مارکس سٹوئنس بیٹنگ کے لیے آئے جو اگلے ہی اوور میں اکسر پٹیل کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے اور 4 بالز پر 2 سکور بنا کر پولین لوٹے۔ ان کے بعد ٹم ڈیوڈ بیٹنگ کے لیے آئے۔
آسٹریلیا کو سب سے بڑا نقصان ٹرویس ہیڈ کی وکٹ کی صورت میں ہوا جو 16ویں اوور میں 43 بالز پر 76 سکور بنا کر جسپریت بمراہ کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 
ٹرویس ہیڈ کے بعد آنے والے آسٹریلیا کے وکٹ کیپر بیٹر میتھیو ویڈ بھی زیادہ دیر کریز پر قائم نہ رہ سکے اور دو بالز پر 1 سکور بنا کر ارشدیپ سنگھ کا شکار بنے۔ 
میتھیو ویڈ کے بعد آسٹریلیا کے پیٹ کمنز بیٹنگ کے لیے آئے ہی تھے کہ 17ویں اوور میں آسٹریلیا کو ٹم ڈیوڈ کی صورت میں دوسری وکٹ گنوانی پڑی۔ ٹم ڈیوڈ 11 بالز پر 15 سکور بنا کر ارشدیپ سنگھ کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 
ٹم ڈیوڈ کے بعد میچل سٹارک بیٹنگ کے لیے آئے مگر پیٹ کمنز کے ساتھ مل کر آخری اوور میں 29 رنز سکور نہ کر سکے جس کے بعد انڈیا نے آسٹریلیا کو 24 رنز سے شکست دے دی۔ 
انڈیا کی جانب سے ارشدیپ سنگھ 3 وکٹس لینے میں کامیاب رہے جبکہ کلدیپ یادو نے 2، اکسر پٹیل اور جسپریت بمراہ نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 

انڈیا کی اننگز:

انڈیا کی جانب سے اوپننگ کے لیے روہت شرما اور ویراٹ کوہلی آئے۔ 
ویراٹ کوہلی ایک مرتبہ پھر اننگز کا اچھا آغاز نہ کرسکے اور دوسرے اوور میں 0 صفر سکور پر ہیزل وڈ کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 
ویراٹ کے بعد انڈیا کے وکٹ کیپر رشبھ پنت بیٹنگ کے لیے آئے۔ 
چوتھے اوور کے آغاز میں ہی بارش کے باعث میچ کو روکنا پڑا تاہم کچھ منٹوں بعد میچ دوبارہ شروع کردیا گیا۔  
آٹھویں اوور میں رشبھ پنت مارکس سٹوئنس کا شکار بنے اور 14 بالز پر 15 سکور کے ساتھ پولین روانہ ہوئے۔ ان کے بعد سوریا کمار یادو بیٹنگ کے لیے آئے۔ 
روہت شرما کی دھواں دار بیٹنگ نے ان کے اور ٹیم انڈیا کے لیے کئی ریکارڈ بنائے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کی سب سے تیز نصف سینچری صرف 19 بالز میں سکور کی۔


فوٹو: اے ایف پی

اس کے ساتھ ساتھ روہت شرما ٹی20 کرکٹ میں 200 سے زائد چھکے لگانے والے واحد کھلاڑی بن گئے ہیں۔ صرف اس ایک میچ میں انہوں نے 8 چھکے لگائے۔ 
روہت کی بیٹنگ کے باعث انڈیا 8.4 اوورز میں 100 رنز مکمل کرنے میں کامیاب ہوا، جو کہ انڈین ٹیم کی جانب سے ٹی20 ورلڈ کپس کے سب سے تیز ترین 100 رنز ہیں۔
روہت شرما 11ویں اوور میں میچل سٹارک کے ہاتھوں بولڈ ہوئے، انہوں نے 41 بالز پر 92 رنز سکور کیے۔ 
روہت شرما کے بعد شیوم دوبے بیٹنگ کے لیے آئے تو سوریا کمار یادو اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، وہ 16 بالز پر 31 رنز سکور کر کے میچل سٹارک کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 
شوم دوبے 22 بالز پر 28 رنز کی اننگز کھیل کر  مارکس سٹوئنس کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مارکس سٹوئنس اور میچل سٹارک نے 2،2 آؤٹ کیے جبکہ جوش ہیزل وڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 

انڈیا پلیئنگ الیون:

روہت شرما (کپتان)، ویراٹ کوہلی، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، سوریہ کمار یادو، شیوم دوبے، ہاردک پانڈیا، اکسر پٹیل، رویندرا جدیجا، ارشدیپ سنگھ، کلدیپ یادیو، جسپریت بمراہ
آسٹریلیا پلیئنگ الیون:
ٹریوس ہیڈ، ڈیوڈ وارنر، مچل مارش (کپتان)، گلین میکسویل، مارکس سٹوئنس، ٹم ڈیوڈ، میتھیو ویڈ (وکٹ کیپر)، پیٹ کمنز، مچل سٹارک، ایڈم زمپا، جوش ہیزل ووڈ

آسٹریلیا، افغانستان اور بنگلہ دیش میں سے کون کس طرح سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر سکتا ہے؟

انڈیا اور آسٹریلیا نے اب تک سُپر ایٹ میں اپنے 3،3 میچز کھیل لیے ہیِں، جن میں انڈیا نے تینوں جبکہ آسٹریلیا نے صرف ایک میچ جیتا ہے۔ 
پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالی جائے تو انڈیا 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے اور سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے، آسٹریلیا دو پوائنٹس اور بہتر رن ریٹ کے ساتھ دوسرے، افغانستان 2 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور بنگلہ دیش صفر پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ 
افغانستان اور انڈیا کے ہاتھوں شکست کے بعد آسٹریلیا کے لیے صورتحال مزید مشکل ہو چکی ہے۔ آسٹریلیا کو اب امید کرنا ہوگی کہ بنگلہ دیش افغانستان کو ہرائے اور بنگلہ دیش کا نیٹ رن ریٹ آسٹریلیا سے زیادہ نہ ہو۔ 
اگر افغانستان نے بنگلہ دیش کو شکست دے دی تو افغان ٹیم انڈیا کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی اور آسٹریلیا ناک آؤٹ ہو جائے گا۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کے سیمی فائنل میں جانے کے امکانات بہت کم ہیں۔ اگر بنگلہ دیش کو کوالیفائی کرنا ہے تو انہیں افغانستان کو اتنے بڑے مارجن سے ہرانا ہوگا کہ ان کا نیٹ رن ریٹ آسٹریلیا سے بہتر ہوجائے۔
مثال کے طور پر اگر بنگلہ دیش پہلے بیٹنگ کر کے 160 سکور کرتا ہے تو انہیں 62 رنز سے جیتنا ہوگا۔ دوسری صورت میں اگر بنگلہ دیش کو 161 سکور ہی چیز کرنا پڑے تو انہیں 12.5 اوورز میں ہدف کا تعاقب کرنا ہوگا۔
افغانستان اور بنگلہ دیش کا میچ کل ویسٹ انڈیز کے آرنوس ویل سٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 30 منٹ پر کھیلا جائے گا۔
 

 

شیئر: