ٹی20 ورلڈ کپ میں افغانستان کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے آخری میچ میں افغانستان نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ پر بنگلہ دیش کو 8 رنز سے شکست دے کر تاریخ رقم کر لی ہے۔
سوشل میڈیا پر جہاں کرکٹ شائقین افغانستان کی جیت پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں وہیں میچ کے دوران ہونے والے ایک منفرد واقعے نے سب کی توجہ حاصل کر رکھی ہے۔
وائرل ہونے والا واقعہ یہ تھا کہ افغان بولر نور احمد کی جانب سے 12ویں اوور کی تیسری اور چوتھی بال کے درمیان گلبدین نائب پہلی سلپ میں فیلڈنگ کرتے ہوئے اپنی ٹانگ کے پچھلے حصے کو پکڑ کر نیچے گر گئے۔
مزید پڑھیں
-
ٹی20 ورلڈ کپ: انڈیا نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیاNode ID: 868091
اس سے قبل افغانستان کے کوچ جوناتھن ٹروٹ کو ڈگ آؤٹ سے اشارے کرتے دیکھا گیا جس میں بظاہر وہ میچ کو ’سلو ڈاؤن‘ کرنے کا کہہ رہے ہیں تاکہ بارش کے باعث بنگلہ دیش کی ٹیم افغانستان کے ’برابر سکور‘ کے پیچھے رہے۔
نور احمد بولنگ کرنے ہی والے تھے کہ سلپ میں کھڑے گلبدین نے انجر ہونے کا اشارہ کیا اور گراؤنڈ پر لیٹ گئے جس کے بعد انہیں طبی امداد دینے کے لیے میچ کو روک دیا گیا۔
نائب کو گراؤنڈ سے باہر لے کر جایا گیا تو اس دوران بارش شروع ہوگئی اور پچ کو کوورز سے ڈھک دیا گیا۔ افغانستان کے کپتان راشد خان اس واقعے کے دوران خوش نظر نہیں آئے۔
قابل غور بات یہ تھی کہ کچھ ہی دیر بعد جب افغانستان نے 8 رنز سے جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تو گلبدین کو جیت کے لمحے کا جشن منانے کے لیے بغیر کسی تکلیف کے دوڑتے ہوئے دیکھا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر صارفین نے اس واقعے پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ سپورٹس پروڈکشن نامی صارف نے واقعے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ سب سے مضحکہ خیز چیز ہے، جب کوچ نے میچ کو سلو کرنے کا اشارہ کیا تو گلبدین گراؤنڈ پر گر گئے۔
فرید خان نے لکھا ’گلبدین کرکٹ میچ کے دوران مر کر زندہ ہونے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔‘
انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے لکھا ’گلبدین کرکٹ کی تاریخی کے پہلے کرکٹر ہیں جنہوں نے گولی لگنے کے 25 منٹ بعد میچ میں واپس آکر وکٹ لی۔‘
انڈین پریمئر لیگ کی ٹیم راجستھان رائلز نے ایک ’میِم‘ شیئر کی جس میں بالی وڈ فلم کے سین میں دکھایا گیا کہ ایک ٹانگ سے معذور شخص اچانک چلنے لگتا ہے۔
انڈین کرکٹر اشون نے لکھا ’گلبدین نائب کے لیے ریڈ کارڈ‘۔