Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تاجکستان کی ’سومون ایئر‘ کا پاکستان سے فلائٹ آپریشن، پہلی پرواز 27 جون کو

اسلام آباد سے دوشنبے جانے والے مسافروں کے لیے ون وے ٹکٹ کی قیمت 200 ڈالر ہے (فوٹو: فلائی سمپل)
تاجکستان کی سومون ایئر نے پاکستان سے فلائٹ آپریشن کا شیڈول جاری کردیا ہے اور پہلی پرواز 27 جون کو اسلام آباد سے تاجکستان کے شہر دوشنبے کے لیے روانہ ہوگی۔
شاہین ایئرپورٹ سروسز کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ کپٹن (ر) سعید خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ پاکستان سے تاجکستان کے شہر دوشنبے کے لیے براہ راست پروازوں کا سلسلہ رواں ہفتے شروع کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں سومون ایئرلائن اسلام آباد سے تاجکستان کے لیے فلائٹ شروع کرنے جارہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تاجکستان قدرتی خوبصورتی سے مالا مال ملک ہے، پاکستان سے سیاحت اور کاروبار کے غرض سے تاجکستان جانے والے مسافروں کی جانب سے مسلسل دوشنبے کے لیے پروازوں کے آغاز کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔
ایئر لائن کے ٹکٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا یہ سومون ایئرلائن دنیا کی بہترین ایئرلائنز میں سے ایک ہے، بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے والی اس ایئرلائن کی جانب سے ابتدائی طور پر ٹکٹ کی انتہائی کم رکھی گئی ہے۔
اسلام آباد سے دوشنبے جانے والے مسافروں کے لیے ون وے ٹکٹ کی قیمت 200 ڈالر جبکہ ریٹرن ٹکٹ کی قیمت 300 ڈالر رکھی گئی ہے۔ سعید خان کا کہنا ہے کہ اس کے ساتھ تاجکستان نے پاکستانی مسافروں کی آسانی کے لیے ویزے کی سہولت میں بھی آسانی کی ہے۔ پاکستان سے تاجکستان سفر کرنے والے مسافروں کو 24 گھنٹے میں ویزا فراہم کرنے کی تیاری کی گئی ہے۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے 27 جون کو سومون ایئرلائن کی اسلام آباد سے تاجکستان کے لیے پرواز کی تصدیق کی گئی ہے۔ ترجمان سول ایوی ایشن سیف اللہ کے مطابق سومون ایئرلائن کی پرواز کے لیے تمام ضروری اقدامات کرلیے گئے ہیں۔
سومون ایئرلائن دنیا کے کن ممالک میں فلائٹ آپریٹ کرتی ہے؟
سومون ایئرلائن کی جاری کردہ معلومات کے مطابق تاجکستان کی سومون ایئرلائن روس، یورپ، متحدہ عرب امارات، انڈیا، ترکیہ، چین، افغانستان اور ازنکستان سمیت دیگر ممالک میں اپنا فلائٹ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔
پاکستان میں سومون ایئر کی ہینڈلنگ شاہین ایئر پورٹ سروسز سرانجام دے گی
شاہین ایئرپورٹ سروسز کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ کپٹن (ر) سعید خان کا کہنا ہے کہ شاہین ایئرپورٹ سروسز ہر گزرتے دن کے ساتھ نئے سنگ میل عبور کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت وہ ایک درجن سے زائد ایئرلائنز کو ایئرپورٹ پر سروسز فراہم کررہے ہیں۔ ان میں پسینجر اور کارگو دونوں سروسز شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شاہین ایئرپورٹ سروسز کراچی، اسلام آباد، لاہور، سکھر، ملتان، فیصل آباد، کوئٹہ، رحیم یار خان، بھاولپور اور پشاور کے ایئرپورٹس پر اپنی خدمات سر انجام دے رہی ہے۔

سومون ایئرلائن روس، یورپ، متحدہ عرب امارات، انڈیا، ترکیہ، چین، افغانستان اور ازنکستان سمیت دیگر ممالک میں اپنا فلائٹ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے (فوٹو: تاجکستان ایمبیسی)

ان کا کہنا تھا کہ ’پیسنجرز اور بیگیج ہینڈلنگ سے لے کر ایئر کرافٹ ہینڈلنگ، کیبن سروس، گراؤنڈ سپورٹ، سکیورٹی، کیٹرنگ، فلائٹ سروس اور ریمپ ہینڈلنگ کا کام شاہین ائیرپورٹ سروسز فراہم کررہی ہے اور کئی ائیرلائنز تیزی سے ہماری طرف آرہی ہیں۔ اس کی مثال حال ہی میں سیپس سے جڑنے والی کئی بین الاقوامی ایئرلائنز کی صورت میں موجود ہیں۔‘
 ایوی ایشن انڈسٹری کے ماہر عمران اسلم نے تاجکستان کی ایئرلائن کے پاکستان سے آپریشن شروع کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستانی ایوی ایشن انڈسٹری اور مسافر دونوں کے لیے خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ جتنی زیادہ ایئرلائنز ملک سے آپریٹ کریں گی مسافروں کو اتنی سہولت ملے گی، نئے ڈیسٹینیشن کے ساتھ ساتھ کنکٹنگ فلائیٹس کی صورت میں مسافروں کو سستے ٹکٹ بھی مل سکیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں ایوی ایشن کی صنعت کو بہتر بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرے۔ دنیا بھر میں مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے حکومتیں کام کرتی ہیں۔ اگر پاکستان میں مسافروں کو سستے ہوائی سفر کی سہولیات میسر ہوگی تو اس سے ملک کو ہی فائدہ پہنچے گا۔
پاکستان میں موجودہ صورتحال میں ہوائی جہاز کے کرایوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں کام کرنے والی مقامی یا بین الاقوامی ایئرلائنز  سب کے ٹکٹ آسمان سے باتیں کررہے ہیں۔
ان کے مطابق ’اس کی کئی وجوہات ہیں، پاکستانی روپے کی قدر میں گراوٹ اور عالمی سطح پر ایندھن کے قیموں اضافے جیسے مسائل بلکل ہیں لیکن اس کے باوجود اب بھی گنجائش موجود ہے کہ ہوائی سفر کرنے والوں کو سستا ٹکٹ فراہم کرنے کے لیے کوششیں کی جائیں۔ دنیا بھر میں انہی حالات میں کام ہورہا ہے اور مسافروں کو سستے ٹکٹ کی صورت میں ریلیف بھی مل رہا ہے۔‘

شیئر: